پاکستانی نژاد خاتون آسٹریلوی سینیٹر منتخب

لاہور سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹرمہرین فاروقی پہلی مسلم رکن منتخب ہوئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 16 اگست 2018 13:41

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اگست 2018ء) : پاکستانی نژاد خاتون آسٹریلوی سینیٹ کی رکن منتخب ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد ڈاکٹر مہرین فاروقی آسٹریلیا کی پہلی مسلمان خاتون سینیٹر بن گئیں۔ مہرین فاروقی کا تعلق گرین پارٹی سے ہے اور وہ نیو ساؤتھ ویلز سے سینیٹر منتخب ہوئی ہیں، قبل ازیں وہ نیو ساؤتھ ویلز پارلیمنٹ کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔

ڈاکٹر مہرین اگلے ہفتے حلف اُٹھائیں گی۔ ڈاکٹر مہرین پاکستان میں پیدا ہوئیں ، ان کے والد سول انجینئیر تھے اور یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں پروسفیر کی حیثیت سے پڑھاتے تھے۔ مہرین نے 1988ء میں اسی یونیورسٹی سے سول انجینئیرنگ میں گرجویشن مکمل کی۔ ان کی بہن ، خاوند ، سسسر سب سول انجینئیر ہیں۔ 1992ء میں مہرین اپنے شوہر کے ساتھ سڈنی منتقل ہوئیں جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز میں داخلہ لے لیا۔

(جاری ہے)

ان کے والد کولمبو پلان کے تحت 1950ء کی دہائی میں یہاں پڑھ چکے تھے۔ مہرین نے 1994ء میں ماسٹر آف انجینئیرنگ سائنس ڈگری مکمل کی اور پھر 2000ء میں انوائرمینٹل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کیا۔ ڈاکٹر مہرین کے دو بچے ہیں، ان میں ایک عثمان فاروقی ہیں جو آسٹریلوی ویب سائٹ ''جنکی'' کے ساتھ سیاسی صحافی کی حیثیت سے منسلک ہیں۔ مہرین آسٹریلوی سینیٹر منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ڈاکٹر مہرین فاروقی آئندہ ہفتے بحیثیت رکن سینیٹ حلف لیں گی۔ سینیٹ کی رکن منتخب ہونے پر انہوں نے ٹویٹ کیا کہ '' نئی نوکری، چلو اب کام پر چلتے ہیں''۔
ایک اور ٹویٹر پیغام میں ڈاکٹر مہرین نے اپنے نئے سینیٹ آفس کی تصویر بھی شئیر کی۔