امریکہ نے شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد روسی اور چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا

جمعرات 16 اگست 2018 22:44

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) امریکی محکمہ خزانہ نے شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد روسی اور چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ نے شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کیلئے اس پر دباؤ برقرار رکھنے کی پالیسی کے تحت یہ اقدام اٹھایاہے ۔

امریکی حکومت نے چینی کمپنی ڈالیان سن مون اسٹار اور اس کی ذیلی کمپنی سنسمس پر الزام لگایا کہ انہوں نے جعلی دستاویزات کے ذریعے شراب اور سگریٹ کی کھیپ شمالی کوریا کو برآمد کی ہے ۔ امریکی محکمہ خزانہ نے دعویٰ کیا کہ سگریٹ کی اس غیر قانونی تجارت کے ذریعے شمالی کوریا کی حکومت سالانہ ایک ارب ڈالر کماتی ہے۔واشنگٹن نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں روس کی کمپنی پروفینیٹ کو بھی بلیک لسٹ کردیا۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے الزام لگایا کہ پروفینیٹ نے روس کی تین بندرگاہوں پر شمالی کوریا کے بحری جہازوں کو مال چڑھانے اور ایندھن بھرنے کی سہولیات فراہم کیں۔امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان طویل عرصے سے تعلقات منقطع تھے تاہم حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان سنگاپور میں تاریخی ملاقات بھی ہوئی، جب کہ شمالی کوریا نے اپنے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کا اعلان بھی کیاتھا،اس سے امید پیدا ہوچلی تھی کہ اب شاید شمالی کوریا دنیا میں تنہائی سے نکل کر مرکزی دھارے میں واپس آ جائے تاہم امریکی اقدامات سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کے معاملات کی مکمل بحالی میں کافی وقت لگے گا۔