Live Updates

تبدیلی آ گئی ۔۔۔

ڈیسکون کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد الرزاق داؤد کابینہ میں شامل ہونے کے لیے اپنی ہی کمپنی سے مستعفی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 اگست 2018 16:55

تبدیلی آ گئی ۔۔۔
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2018ء) : تبدیلی آ نہیں رہی ، تبدیلی آ گئی ہے۔ پاکستان کی معروف کمپنی ڈیسکون انجینئیرنگ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد الرزاق بن داؤد نے حکومتی کابینہ میں شامل ہونے کے لیے اپنی ہی کمپنی سے استعفیٰ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نامزد وزیر اعظم عمران خان نے عبد الرزاق بن داؤد سے کابینہ میں شامل ہونے کی خصوصی درخواست کی تھی جس کے بعد عبد الرزاق بن داؤد نے اپنے ہی کمپنی سے استعفیٰ دے دیا۔

ڈیسکون کا شمار پاکستان کی نمبر ون انجینئیرنگ فرمز میں ہوتا ہے جس کی مالیت قریباً ایک بلین ڈالر ہے۔ عبد الرزاق بن داؤد کامرس اینڈ انڈسٹری کے شعبے میں وزیر اعظم کے مشیر کے طور پر کام کریں گے۔ حکومت میں شامل ہونے کے لیے اپنی ہی کمپنی سے استعفیٰ دے کر عبد الرزاق داؤد نے دوسروں کے لیے بھی ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور ان کے اس اقدام کو کافی پذیرائی بھی مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

عبد الرزاق داؤد نے یہ واضح کر دیا کہ کسی بھی حکومتی عہدیدار کے مفاد میں تضاد نہیں ہونا چاہئیے اور اسی لیے انہوں نے اپنی کمپنی میں کام کرنے سے انکار کر دیا اور مستعفی ہو گئے۔ عبد الرزاق داؤد نے اپنی کمپنی کی اعلیٰ قیادت کو ایک ای میل کے ذریعے اپنے استعفے سے آگاہ کیا۔ جس میں انہوں نے تحریر کیا کہ جیسا کہ میں نے کمپنی کے بورڈ اور لیڈر شپ سے اس بات کا تذکرہ کیا تھا، میں نے حکومتی عہدے کی پیشکش کو قبول کرنے اور کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق میں خود کو اس کمپنی کے بورڈ سے مکمل طور پر الگ کرتا ہوں، اسی لیے میں ڈیسکون انجینئیرنگ کے چئیرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ اپنی اس ای میل میں عبد الرزاق داؤد نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ ڈیسکون کمپنی کو نسل در نسل قائم رہنے والی کمپنی کے طور پر دیکھنے کی خواہش کی ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے میں یہ ذمہ داری نبھانے کے لیے اپنے خاندان کے کسی فرد کی بجائے کمپنی کے پروفیشنل مینجر کو ترجیح دوں گا، اسی لیے میں نے کمپنی کے بورڈ کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ آئندہ ایک سال میں کوئی مناسب اور پروفیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈھونڈ لیں جو فیصل داؤد کی جگہ لے سکے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عبد الرزاق داؤد کے استعفے کو دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ عمران خان نے اپنے حکومتی کھلاڑیوں کے ذریعے ایک ٹرینڈ سیٹ کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات