حج کا اجتماع مسلمانوں کے درمیان اخوت ویگانگت کا زبر دست مظاہرہ ہے،میاں محمد اسلم

اتوار 19 اگست 2018 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے دنیا بھر کے عازمین حج کو مبار کباد دیتے ہو ئے کہا حج کا عظیم الشان اجتماع مسلمانوں کے درمیان اخوت ویگانگت کا زبر دست مظاہرہ ہے ،انھوں نے کہا اسلام کا یہ عالمگیر رکن مادّی اور بشری بنیادوں پر ہر قسم کی تفریق کو مٹا کر تمام بندگان خدا کو یک رنگ دیتا ہے،حج کی سعادتوں کے ذریعے مسلمان حبّ الٰہی اور جذبہ خلیلی ؑ کی جھلک اپنے دل میں مؤجزن پاتے ہیں۔

(جاری ہے)

میاں محمد اسلم نے کہا میدان عرفات میں لاکھوں بندگان خدا کا ایک لباس ،ایک حالت اورایک ہی جذبے سے سرشار ہوکر ا للہ کی طرف رجوع انفرادی و اجتماعی زندگی میں تبدیلی کا محرک بنتاہے،موجودہ حالات میںضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمانان عالم اس اجتماع کے ذریعے اپنے شکستہ اعتماد،پژمردہ ارادوں اور موجودہ حالت کو بدلیں اور اپنی کھوئی ہوئی طاقت کو بحال کریں۔انہوںنے کہا کہ بالخصوص ایّام حج میں حجاج کرام کے علاوہ تمام اہل ایمان کو اپنا انفرادی و اجتماعی تزکیہ کرنا چاہیے۔