لاہور، شان رسالت ﷺ میں گستاخیاں کرنے والوں سے دوستیاں لگانا اور باہمی اعتماد سازی کے اقدامات جائز نہیں،رہنما تحریک حرمت رسول ﷺ

مسلمانوں کے جذبات مشتعل کرنے کیلئے جان بوجھ کر گستاخیاں کی جارہی ہیں،مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے کیلئے ہالینڈ پر دبائو بڑھائیں،مشترکہ بیان

اتوار 19 اگست 2018 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) تحریک حرمت رسول ﷺ کے رہنمائوںنے کہا ہے کہ شان رسالت ﷺ میں گستاخیاں کرنے والوں سے دوستیاں لگانا اور باہمی اعتماد سازی کے اقدامات جائز نہیں۔ مسلمانوں کے جذبات مشتعل کرنے کیلئے جان بوجھ کر گستاخیاں کی جارہی ہیں۔مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے کیلئے ہالینڈ پر دبائو بڑھائیں۔

عالمی سطح پر توہین انبیاء کی سزا موت کا قانون پاس کروایا جائے۔ تحفظ حرمت رسول ﷺ کیلئے پوری مسلم امہ متحد ہو جائے۔ تحریک حرمت رسول ﷺ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، پیر سید ہارون علی گیلانی،محمد یعقوب شیخ ،حافظ عاکف سعید، مولانا محمد امجد خاں،مولانا عبدالرئوف فاروقی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ اور حافظ کاظم رضانے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ صلیبی و یہودی دنیا بھر میں اپنے نظاموں کو بکھرتا ہوا اوراسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت سے بوکھلا کر شان رسالت ﷺمیں گستاخیوں جیسی مذموم حرکتیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم حکمرانوں کو ان گستاخیوں پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے خاص طور پر پاکستانی حکومت کو دیگر مسلم حکمرانوں کو ساتھ ملا کر مشترکہ اور مضبوط موقف اختیار کرنا چاہیے۔ اپنے سفارت خانوں کو متحرک کرنا چاہیے اور عالمی سطح پر توہین انبیاء کی بے حرمتی کی سزا کا قانون پاس کروانے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ مسلم حکمران کفار سے دوستی کو اپنی مجبوریاں نہ بنائیں۔

مسلمانوں کے مفادات کا تحفظ اللہ کرتا ہے۔ دین کا تحفظ کرنے سے ہی ملکوں و خطوں اور مسلمانوں کی عزتوں و عصمتوں کا تحفظ کیا جا سکتا ہے۔ مسلم حکمران قرآن و سنت سے رہنمائی لے کر پالیسیاں ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ تحریک حرمت رسول ﷺ کے قائدین نے کہاکہ مغربی ممالک اسلام دشمنی میں اس قدر اندھے ہو چکے ہیں کہ وہ اب شان رسالتﷺ میں گستاخیوں جیسے متعصبانہ اقدامات پر اتر آئے ہیں۔

تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جب بھی مسلمانوںکو کامیابیاں حاصل ہوئیں اور وہ مضبوط و مستحکم ہونا شروع ہوئے ہمیشہ اسلام و مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز رویے اختیار کئے۔ آج بھی صلیبی و یہودی مسلمانوں کے مقابلہ میں شکست سے بوکھلا کر گستاخیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ یہ وقت مسلمانوں کو متحد و بیدار کرنے،انہیں اہل کفر کی سازشوں سے آگاہ کرنے اور غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زبردست تحریکیں بپا کرنے کا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مسلمان اسلام ، قرآن اور نبی اکرم ﷺ کی حرمت کے دفاع کیلئے متحد و بیدار ہو جائیں۔ صلیبیوں و یہودیوں کی گستاخیوں پر جس کسی کی غیرت بیدارنہیں ہوتی اسے اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ صلیبیوں و یہودیوں نے اسلام اورمسلمانوں کے خلاف منظم مہم اور خوفناک سازشوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مسلم حکمران ڈالر اور پائونڈ کی غلامی سے نکل کر جرا ت مندانہ راستہ اختیار کریں۔شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔