نوٹ: عید الاضحی 22اگست 2018ء کی صبح سے قبل شائع، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائے

عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے،وطن عزیز آج جس قسم کے سیاسی، غیر سیاسی اور سماجی و معاشی مسائل سے دو چار ہے ان سے نکلنے کے لئے سنت ابراہیم علیہ السلام سے ہی رہنمائی لینے کی ضرورت ہے صدر مملکت ممنون حسین کا عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

منگل 21 اگست 2018 02:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پرقوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرماتے ہوئے انھیں ہمارے لئے اپنی رضا کے حصول کا ذریعہ بنادے، آمین،عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے ،آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی ۔

یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کہ بڑے مقاصد کی تکمیل اور اس دنیا کو دکھوں سے پاک کرنے کے لئے اپنی پیاری اشیا حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے، اس سلسلے میں ارشاد باری تعالیٰ ہی: ’’آپ ﷺ ان سے کہیئے کہ میری نماز ، میری قربانی ، میری زندگی او رموت سب اللہ رب العالمین کے لئے ہی(القرآن)عبادت کی یہی روح ہے جو اس دکھوں بھری دنیا کو جنت کا نمونہ بنا سکتی ہے کیونکہ جان و مال کی اس قربانی کے ذریعے انسان کو اپنی انا قربان کرنے کی تربیت دی جاتی ہے جو مسائل کی اصل جڑ ہے ۔

(جاری ہے)

اس دنیا کے مسائل خواہ ان کی نوعیت داخلی ہو ، خواہ خارجی اور بین الاقوامی ، ان سب کا خمیر اسی مرض سے اٹھا ہے ۔ دنیا کو ان پیچیدہ مسائل کے چنگل سے نکال کر امن و محبت اور اخوت کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنی سب سے پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیر ہے جن میں جان و مال کے علاوہ آرا اور مفادات سمیت سب کچھ شامل ہے، وطن عزیز آج جس قسم کے سیاسی غیر سیاسی اور سماجی و معاشی مسائل سے دو چار ہے ان سے نکلنے کے لئے سنت ابراہیم علیہ السلام سے ہی رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔

میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس کی تہہ میں پوشیدہ نعمتوں اور برکتوں سے مستفیدفرمائے آمین۔