شارجہ: عید کے موقع پر یونیورسٹی سٹوڈنٹس کو بڑی خوش خبری سُنا دی گئی

832 طالب علموں کو یونیورسٹی آف شارجہ میں سکالر شپ دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 اگست 2018 11:51

شارجہ: عید کے موقع پر یونیورسٹی سٹوڈنٹس کو بڑی خوش خبری سُنا دی گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اگست 2018) متحدہ عرب امارات روزگار کے متلاشی افراد کے لیے ایک جنت ہے ۔جو لوگ اپنی آبائی مُلکوں میں کم آمدنی کے باعث پریشان ہوتے ہیں‘ وہ اکثر امارات کا خواب آنکھوں میں بسالیتے ہیں اور درحقیقت یہاں آ کر اُن کی ماہانہ آمدنی میں بہت اضافہ ہو جاتا ہے اور وہ اپنے گھر والوں کی کفالت اچھے طریقے سے کر سکتے ہیں۔

دُنیا بھر کے تقریباً ہر مُلک کے لوگ یہاں ملازمت اور کاروبار کے سلسلے میں آباد ہیں۔ یہاں کی حکومتیں اپنے شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر مُلکیوں کو بھی اپنا ہونے کا احساس دیتی ہیں۔ غیر مُلکیوں کے آرام و آسائش کے لیے نِت نئے منصوبے شروع کیے جاتے ہیں۔ اُن کے سروس سٹرکچر کے ذریعے بھی بہت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے لوگ یہاں سالہا سال سے آباد ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت عید الاضحی کی تیاری شروع ہو گئی ہیں۔ امارات کے بہت سے شاپنگ مالز میں اس موقعے کی مناسبت سے مختلف اشیاء پر خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر فیاضی کے مظاہرے میں اماراتی حکام بھی پیش پیش ہیں۔ شارجہ کے حاکم اور سپریم کونسل کے ممبر عزت مآب شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے حکم جاری کیا ہے کہ اس عید الاضحی کی خوشی کے موقع پر 832 سٹوڈنٹس کو یونیورسٹی آف شارجہ میں سکالر شپ سے نوازا جائے گا۔

اس بات کا اظہار انہوں نے شارجہ ریڈیو اور ٹی وی سٹیشن سے براہِ راست نشر ہونے والے پروگرام ’’ڈائریکٹ لائن‘‘ کے دوران کیا۔ یہ سکالر شپس شارجہ الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی کی جانب سے دی جا رہی ہیں۔ گزشتہ جولائی کے دوران شیخ سلطان نے ایک حکمنامہ جاری کیا تھا جس کے تحت شارجہ الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی کا سکالر شپ ڈیپارٹمنٹ ملازمین کے بچوں کے لیے یونیورسٹی کی سکالر شپ کا اجراء کرے گا۔ متحدہ عرب امارات کے وہ باشندے جن کی ماہانہ آمدنی پچاس ہزار ماہانہ سے کم ہے‘ ریٹائرڈ اور بیمار SeWa پنشنرز اور سوشل سروسز سے فائدہ اُٹھانے والے تمام افراد کے بچے فُل سکالر شپس کے حقدار ہوں گے۔