رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان کی چیئرمین نیشنل ہائی ویز اتھارٹی سے ملاقات

خان پور سڑک پر تین نئے پلوں کی تعمیر اور صدیق اکبر چوک تک منصوبہ کی تکمیل کیلئے مزید فنڈز منظور کروا لئے ہیں، عمر ایوب

بدھ 29 اگست 2018 18:05

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2018ء) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے چیئرمین نیشنل ہائی ویز اتھارٹی جواد رفیق ملک سے ملاقات کر کے خان پور روڈ پر تین نئے پلوں کی تعمیر اور جنڈیال بیئریر تا جولیاں اور چیچیاں انٹرچینج سے صدیق اکبر چوک تک منصوبے کی تکمیل کیلئے مزید فنڈز منظور کروا لئے ہیں، تعمیراتی کام آئندہ ماہ شروع کر دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 17- سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے عملی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے اپنے سابق دور میں ادھورے رہ جانے والے خان پور روڈ کی تکمیل کیلئے فنڈز منظور کروا لئے ہیں جس پر عنقریب کام کا آغاز ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ عمر ایوب خان نے 2014ء میں خان پور روڈ کی تعمیر و کشادگی کے کام کا آغاز کیا تھا جو ان کے بعد منتخب ہونے والے سابق ایم این اے کی غفلت کے باعث تین سال التواء کا شکار رہا۔

(جاری ہے)

مذکورہ سڑک کی خستہ حالی سے تحصیل خان پور کے سیکڑوں دیہی علاقوں اور راولپنڈی/اسلام آباد سے ہری پور آنے والے مسافروں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا تھا۔ عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے عمر ایوب خان نے جھنڈیال بیریئر سے جولیاں اور چیچیاں انٹرچینج سے صدیق اکبر چوک ہری پور تک روڈ کی کشادگی اور پختگی اور تین نئے پلوں کی تعمیر کیلئے 60 کروڑ روپے کی مزید فنڈنگ کروا لی ہے جس میں 15 کروڑ روپے تین نئے پلوں کی تعمیر اور 45 کروڑ روپے باقی ماندہ سڑک کی تعمیر کیلئے ہیں، پلوں کی تعمیر پر ایک ماہ جبکہ سڑک کی تعمیر کا کام ڈیڑھ ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا۔

ادھر عوامی و سماجی حلقوں نے ایم این اے عمر ایوب خان کو عوامی دیرینہ مطالبات پر فی الفور عملی کام کروانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔