ون روڈ ون بیلٹ منصوبے میں پاکستان اہم پارٹنر ہے ، جہانگیر بابر باجوہ

جمعرات 30 اگست 2018 23:38

سیالکوٹ۔30 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2018ء) سابق چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن و گروپ لیڈر جہانگیر بابر باجوہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) علاقائی رابطے کا اہم فریم ورک ہے، سی پیک سے نہ صرف چین پاکستان کو فائدہ ہو گا بلکہ ایران ، افغانستان ، بھارت اور وسطی ایشیااور خطے پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے، سی پیک گلو بلائزڈ دنیا میں معاشی علاقائی کاری کی طرف ایک اہم سفر ہے ۔

اس نے سب کے لئے امن ، ترقی اور جیت کا ماڈل قائم کیا ہے ۔ ون روڈ ون بیلٹ منصوبے میں پاکستان اہم پارٹنر ہے ۔ دونوں ممالک میں متوازن تجارتی حجم کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مقصد پاکستان اور چین کی عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے دو طرفہ رابطے کو فروغ دینا ، تعمیراتی کام ، باہمی سرمایہ کاری ، اکنامک اور ٹریڈ ، لاجسٹکس کے ساتھ ساتھ علاقائی رابطے کے لئے لوگوں کا لوگوں تک رابطہ کروانا ہے ۔

(جاری ہے)

بلا شبہ سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور جلد ہی ملک میں خوشحالی آئے گی اور بے روزگاری ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کوصرف اپنی برآمدات بڑھانا اشد ضروری ہے چونکہ عرصہ دراز سے ہماری برآمدات کم ہو رہی ہے اور درآمدات میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر متاثر ہو رہے ہیں جس کے لئے حکومتی اقدامات ناگزیر ہیں۔