گستاخان ِ رسالت مسلمانوں کو ایذا دے رہے ہیں، شاہ عبد الحق

بولٹن مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرے سے حاجی حنیف طیب،علامہ اکرام المصطفیٰ،رفیق شاہ کا خطاب

جمعہ 31 اگست 2018 18:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2018ء) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ شان رسالت میں گستاخیاں کرنے والے مسلمانوں کو ایذا دے رہے ہیں۔ چند شر پسند عالمی امن کے دشمن بنے ہوئے ہیںمغرب کا دہرا معیار تشد کے فروغ کا سبب بنے گا ،عالم اسلام اس مزموم عمل کو روکنے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اپنائے ۔

انہوں نے میمن مسجد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منظم سازش کے تحت مغرب کی جانب سے امت کی ایمانی حرارت کو جانچنے کیلئے وقتاً فوقتاً اسلام مخالف اقدامات کیے جاتے ہیں۔ مسلم حکمراں اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کے سد باب کے لئے موثر اقدامات کریں۔نیز جما عت اہلسنّت کراچی کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے بولٹن مارکیٹ پر مرکزی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی حنیف طیب نے کہا کہ غلامان مصطفی ناموس رسالت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے احتجاج پرہالینڈ میںخاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونا خوش آئندہے، حکومت ناموس رسالت کا مسئلہ سفارت کاری کے ذریعے عالمی سطح پر اٹھا کر دنیا کو باور کر ائے کہ مسلمان اپنے پیارے نبی کی توہین ہر گز برداشت نہیں کر سکتا ۔مظاہرے سے خطاب میں علامہ اکرا م المصطفیٰ ،سید رفیق شاہ،تاجر حماد پونا والا نے کہا کہ حکومت قرار دادوں او ر مذمتوں سے آگے بڑھ کر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے اسلام مخالف سازشوں کے سد ِباب کیلئے موثر لائحہ عمل بنایا جائے۔

مقررین نے کہا کہ استعماری قوتیں ایک سازش کے تحت مسلمانان عالم میں اشتعال پیدا کر کے مسلمانوں کو انتہا پسند اور دہشتگرد کے طور پر پیش کر کے اسلام کو کو بدنام کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں ۔مظاہرے میں مولانا انتصار المصطفیٰ اعظمی،جنید باپو،تاجر ایس ایم عالم،صادق شیخ ،جعفرانی اور دیگر بھی شریک تھے۔