اسرائیل موقع سے فائدہ اٹھا کر یہودی بستیاں بنا رہا ہے،امام قبلہ اول

ہفتہ 1 ستمبر 2018 13:47

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2018ء) مسجد اقصیٰ کے امام اور ممتازعالم دین الشیخ یوسف ابو اسنینہ نے کہا ہے کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے بعد پورے خطے کا مستقبل تاریکی میں ڈوب گیا ہے، اسرائیل موقع سے فائدہ اٹھا کر فلسطین میں یہودی بستیاں تعمیر کررہا ہے۔

(جاری ہے)

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں فلسطینی عالم دین کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے معاہدوں کے بعد عالمی برادری کو فلسطینیوں کے مطالبات پرعمل درآمد کرانا چاہیے تھا،مگر فلسطینیوں پر اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے جارحانہ اقدامات کے دباؤ میں لانے کے ساتھ امریکا سمیت دوسرے ممالک نے فلسطینیوں کی امداد بند کی جانے لگی ہے۔

امریکی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے الشیخ ابو اسنینہ نے کہا کہ فلسطینی قوم کو تمہاری امداد کی کوئی ضرورت نہیں، تمہارے مکروہ اور خطرناک عزائم پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو مسلسل پسپائی پر مجبور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ فلسطین میں جنونی انداز میں یہودی بستیاں قائم کی جا رہی ہیں۔ یہودی بستیوں کی تعمیرفلسطین کی آزادی کی راہ روکنے کی مجرمانہ کوشش ہے۔