قیدیوں کے مقدمات قانون کے مطابق چلائے جاتے ہیں، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شفیع محمد پیرزادہ

قیدی اپنے مقدمات میں رکاوٹوں کے بارے میں تحریری درخواست دیں‘ کاروائی کریں گے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کا دورہ‘ سینٹرل جیل، متعدد بیرکوں ، جیل ہسپتال اور کچن کا معائنہ

اتوار 9 ستمبر 2018 21:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2018ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر شفیع محمد پیرزادہ نے کہا ہے کہ قیدیوں کے مقدمات قانون کے مطابق چلائے جاتے ہیں‘ ججوں کی کوشش ہوتی ہے کہ مقدمات کے بارے میں پوری جانکاری کے بعد فیصلہ سنائے تاکہ صحیح معنوں میں انصاف کا تقاضہ پورا ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل جیل کراچی کے دورے کے موقع پر قیدیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سائبان انٹرنیشنل ویلفیئر کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر ان کے ہمراہ تھے۔ شفیع محمد پیرزارہ نے اس موقع پر متعدد بیرکوں، جیل ہسپتال اور جیل کے کچن کا بھی دورہ کیا۔ اے ڈی جے ملیر کے دورے کے دوران قیدیوں نے اس سے براہ راست گفتگو کی اور اپنی درخواستیںپیش کیں۔ 10قیدیوں نے انہیں بتایا کہ وہ وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے اے ڈی جے ملیر نے سائبان کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر کو حکم دیا کہ وہ مفت قانونی امداد کیلئے انہیں وکالت نامے فراہم کریں۔

(جاری ہے)

جیل کے دورے کے دوران قیدیوں سے انہوں نے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے مقدمات میں رکاوٹوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں قیدی مریضوں سے گفتگو کے بعد انہوں نے جیل انتظامیہ کو حکم دیا کہ جن مریضوں کا جیل ہسپتال میں علاج ممکن نہیں انہیں باہر کے ہسپتالوں میں علاج کیلئے بھیجا جائے ۔ ڈاکٹر جی ایم سندھرانی اور ڈاکٹر عتیق شیخ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کو قیدی مریضوں کے امراض کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد یوسف نے مختلف بیرکوں کا دورہ کرایاانہوں نے اس موقع پر جیل کے میڈیکل اسٹور میں دوائیاں اور رکارڈ چیک کیا اور مریض قیدیوں میں دودھ کے ڈبے بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر 90سالہ بذرگ قیدی بہاول خان نے بتایا کہ وہ بہت بیمار ہے اس کا میڈیکل بورڈ بھی ہوچکا ہے اسے پہلے سزائے موت تھی بعد ازاں 25سال میں تبدیل ہوگئی اس نے مزید بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی جیل آمد پر ان سے بھی رہائی کی اپیل کی تھی تاہم ابھی تک اس کے اپیل تاخیر کا شکار ہے۔ مریض قیدی احمد حسین ولد اصغر حسین نے بتایا کہ وہ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے اس پر زیرِ دفعہ 365کے تحت مقدمہ قائم ہوا تھا اب جیل میں اس کے 16سال ہوگئے ہیں اور اس پر فالج کے اٹیک کے بعدوہ بسترِ مرگ پر پڑا ہے۔

خدارا اسے جلد از جلد رہا کیا جائے۔ مریض قیدی میاںداد ولد خیر محمد نے بتایا کہ اس کا مقدمہ CNS-2کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ اور وہ خون کی کمی کا شکار ہے لہٰذا علاج کے کیلئے باہر ہسپتال میں بھیجا جائے۔ معذور وارڈ کے قیدی سید وقار شاہ ولد ناظر شاہ ، علی حسن ولد علی محمد اور رحیم ولد علی محمد تینوں نے اے ڈی جے ملیر شفیع محمد پیرزارہ سے اپیل کی کہ وہ ایک ٹانگ سے معذور ہیں انہیں مصنوعی ٹانگ لگانے کا بندوبست کیا جائے۔ قبل اذیں اے ڈی جے ملیر نے جیل کچن کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کیلئے پکائے گئے کھانے کو خود کھا کر چیک کیا اور قیدیوں کو دی جانے والی روٹی کا وزن کرکے دیکھا، اس موقع پر انہوں نے جیل کچن میں پکنے والے کھانے کی معار اور صفائی ستھرائی کی بھی تعریف کی۔