حسینؓ شہید ہو کر زندہ ،یزید تخت بچا کر بھی مر گیا‘ڈاکٹر طاہرالقادری

حسینیت حق اور یزیدیت فتنہ و فساد کی علامت ہے‘ سربراہ پاکستان عوامی تحریک

منگل 11 ستمبر 2018 18:00

حسینؓ شہید ہو کر زندہ ،یزید تخت بچا کر بھی مر گیا‘ڈاکٹر طاہرالقادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حسینؓ شہید ہو کر زندہ ،یزید تخت بچا کر بھی مر گیا،حسینیت حق اور یزیدیت فتنہ و فساد کی علامت ہے،امت مسلمہ اہل بیت اطہار کی عظیم قربانیوں کی قیامت تک کیلئے احسان مند ہے،اللہ نے انعام یافتہ بندوں میں شہداء کو بھی شامل فرمایا ،اسلامیان پاکستان اسلام اور انسانیت کی دشمن فرقہ پرست منفی قوتوں کی شرانگیزی سے خبردار رہیں۔

گزشتہ روز محرم الحرام کے آغاز پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا شہادت حضرت امام حسین ؓسیرت النبیؐ کی کتاب کا ایک روشن باب ہے، ساڑھے 13سو سال گزر جانے کے بعد بھی شہادت امام حسین ؓکا ذکر زندہ و تابندہ ہے۔

(جاری ہے)

امانت، ایثار، عدل اور صبرو وفا کا نام حسینیت ہے۔ واقعہ کربلا سے حسینیت ہر طبقہ میں حق اور یزیدیت فتنہ و فساد کی علامت بنی، شہادت اللہ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔

اللہ نے اپنے انعام یافتہ بندوں میں شہداء کو بھی شامل فرمایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار کی اسلام کیلئے دی جانے والی عظیم قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خانوادہ رسولؐکی مقدس ہستیوں کی شہادت نے حق اور باطل کے درمیان ہمیشہ کیلئے ایک لکیر کھینچ دی۔ اس فلسفہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کے اندر دو فلسفے آپس میں ٹکراتے ہوئے نظر آتے ہیں، ایک طرف یزید کا فلسفہ تھا جو طاقت کو حق سمجھتا تھا، دوسری طرف امام حسین ؓ کا فلسفہ اور سوچ و فکر تھی کہ صرف حق طاقت ہے اور شہادت امام حسینؓ نے ان دونوں فلسفوں کی حقیقت دنیا پر واضح کر دی کہ یزید تخت بچا کر ذلیل و رسوا ہو گیا اور حق کیلئے قربان ہونے والوں کا ذکر قیامت تک کیلئے زندہ و جاوید ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ آقا علیہ السلام نے فرمایا ’’حسین ؓمجھ سے ہے اور میں حسین ؓسے ہوں‘‘ ۔ اس حدیث مبارکہ کا مطلب اور مفہوم آج عالم انسانیت کے سامنے اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ واضح ہو کر سامنے آگیا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں سے سنت اور قرآنی تعلیمات اپنی اصل شکل کے ساتھ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ امام حسین ؓ کسی ایک طبقے کے نہیں بلکہ امام حسین ؓ دین مصطفی کی آبرو اور سب کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامیان پاکستان اسلام اور انسانیت کی دشمن فرقہ پرست منفی قوتوں کی شرانگیزی سے خبردار رہیں۔