نوجوانوں کے لئے میرٹ، صلاحیت اور قابلیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے،

چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے عمل کو آسان اور یقینی بنانے پر بھی توجہ دینی چاہئے،کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہوگا، فنون لطیفہ کی طرف رغبت، دانشوروں کی آراء کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرنا ہوگا صدر ڈاکٹر عارف علوی

پیر 17 ستمبر 2018 21:17

نوجوانوں کے لئے میرٹ، صلاحیت اور قابلیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ہمیں ان کے لئے میرٹ، صلاحیت اور قابلیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے تاکہ وہ اپنی روزی تلاش کر سکیں۔ ان کی فنی تربیت کرنا ہوگی تاکہ وہ مناسب ملازمت ڈھونڈ سکیں۔

(جاری ہے)

کاروبار شروع کرنے کے لئے چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے عمل کو آسان اور یقینی بنانے پر بھی توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ذرا تصور کیجئے کہ ہم ان سکلڈ لیبر کی بجائے سکلڈ لیبر کو دوسرے ممالک میں ایکسپورٹ کریں تو جہاں وہ بہتر اور باعزت روزگار حاصل کرسکیں گے وہیں وہ پاکستان کے لئے بہتر شناخت کا باعث بھی بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لئے کھیلوں کے میدانوں کو بھی آباد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ کی طرف بھی رغبت دلانا ہوگی اور معاشرے کے دانشوروں کی آراء کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرنا ہوگا۔