سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی

پیر 17 ستمبر 2018 23:46

سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے دارالحکومت اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے ماحولیا تی ایجنسی کونوٹس جاری کردیا ہے اورکہا ہے کہ پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی کے مسائل بہت زیادہ ہیں، عدالت اس امر کاجائزہ لے گی کہ درپیش ماحولیا تی مسائل کا حل کیسے کرنا ہے۔

پیر کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

ا س موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں ایک تکلیف ہوتی ہے یا ایک مداوا ہوتا ہے، لیکن پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی کے مسائل بہت زیادہ ہیں، اس وقت متعلقہ کمیٹی نے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل اور حل کی نشاندہی کر دی ہے، جس کے پیش نظر ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ درپش مسائل کو کیسے حل کیا جائے، ماحولیا تی آلودگی کی جوچیز باعث بن رہی ہے اس میں زیادہ کردار لوہے کی فیکٹریوں سے نکلنے والے دھواں کاہے، سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے عدالت کوبتایاگیا کہ کاشت کاری میں کیمیائی کھادوں کا استعمال ہوتا ہے اس سے بھی ماحولیاتی آلودگی پھیلتی ہے ،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ فی الوقت ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے پالیسی فریم ورک تیار ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ فصلوں کو کھاد دینے یا اسپرے کرنے کے حوالے سے بھی کوئی کاشتکاروں کوکسی طرح کی آگاہی نہیں مل رہی ،کھاد اور سپرے کی تعداد مائیکرو میجمنٹ کے مسائل ہیں، بعدازاں عدالت نے اس کیس میں عدالتی معاون پرویز حسن کی عدم دستیابی کے باعث مزید سماعت ملتوی کر تے ہوئے ماحولیاتی ایجنسی کو نوٹس جاری کر دیا ۔