دشمن تفرقہ پھیلا کر ملک کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں مصروف ہے،

علماء کے پیغام امن کی وجہ سے ان کی سازشیں ناکام ہونگی مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام و خطباء سمیت ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا دارالعلوم تعلیم الاسلام میں کانفرنس سے خطاب

منگل 18 ستمبر 2018 17:45

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) دشمن تفرقہ پھیلا کر ملک کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں مصروف ہے، علماء کے پیغام امن کی وجہ سے اس کی ساری کوششیں اور سازشیں ناکام ہیں، اس حوالہ سے ہری پور میں بھی علماء کرام کا کردار مثالی ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، محرم الحرام امن و سلامتی کا مہینہ ہے، ضلعی انتظامیہ شہریوں، علماء اور دیگر طبقات کے ساتھ ملکر اس ماہ بابرکت میں امن کی بحالی یقینی بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام و خطباء سمیت مقررین نے ہزارہ کی مشہور دینی درسگاہ دارالعلوم تعلیم الاسلام میں ایک اہم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قاضی الفت حسین نظامت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

صدر مجلس قاضی غلام مجتبی نے کہا کہ محرم الحرام کا بابرکت مہینہ امن و سلامتی، رواداری، صبر و برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔

بحیثیت مسلمان ہمارا یہ مذہبی فریضہ ہے کہ ہم قیام امن کیلئے اپنا کردا ادا کریں، کسی بھی ملک قوم اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار امن کا ہے، امن کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، اسلام کے نام پر بننے والے ملک پاکستان میں علماء کرام کو بین المسالک ہم آہنگی اتحاد بین المسلمین اور فرقہ واریت کے خلاف کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ علماء کونسل عرصہ 25 سال سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمہ، بین المسالک ہم آہنگی اور مختلف مکاتب فکر کو متحد کرنے کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے، تمام مکاتب فکر پر ایک دوسرے کا احترام اور روادری فرض ہے، متحدہ علما کونسل قیام امن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ کی طرح ضلعی انتظامیہ اور حکومت کے شانہ بشانہ رہے گی تاکہ ہزارہ سمیت پورے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ علماء کونسل کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امن و امان کے حوالہ سے متحدہ علماء کونسل کی کاوشیں قابل رشک ہیں، علماء کرام نے امن و امان کے قیام کیلئے انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ کے افسران انہیں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علماء کرام ممبر و محراب کے وارث ہیں، ممبر رسول سے عوام کو امن کا پیغام دیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرستی کا خاتمہ، امن و امان کا قیام، غریب اور مظلوم کی دادرسی اور دکھیا عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کرنا پولیس کا فرض ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور ضلع ہری پور کی پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے چوکس ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے تعاون اور مشاورت سے ضلع میں مثالی امن وامان قائم کریں گے اور معاشرے کو جرائم سے پاک کریں گے۔ عزادی کونسل کے صوبائی کوآرڈینیٹر نیئر عباس جعفری نے کہا کہ ایک سازش کے تحت محرم کو اہل تشیع کے ساتھ منسوب کر دیا گیا ہے حالانکہ حسین سب کے ہیں ،علماء کو چاہئے کہ وہ اس تفریق کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر مولانا اکرم خان، مولانا قاضی مطیع الرحمان، مولانا قاضی عطاء الحق، مولانا قاری اسد الرحمان، علامہ محمد صدیق، مولانا ولی الرحمن، مولانا غلام جیلانی، مولانا مفتی شمس الحق، مولانا عبد السلام اور مولانا مشتاق احمد بھی موجود تھے۔