Live Updates

تبدیلی اور انقلاب کی باتیں کرنے والے حکومت میں آکر بھیک مانگ رہے ہیں، سینیٹر مشاہد اللہ خان

ڈیم کے نام پر واردات ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے، پی ٹی آئی والے سوچتے بعد میں اور بولتے پہلے ہیں، سینیٹ میں اظہار خیال

منگل 18 ستمبر 2018 18:17

تبدیلی اور انقلاب کی باتیں کرنے والے حکومت میں آکر بھیک مانگ رہے ہیں، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ تبدیلی اور انقلاب کی باتیں کرنے والے حکومت میں آکر بھیک مانگ رہے ہیں، ڈیم کے نام پر واردات ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے، پی ٹی آئی والے سوچتے بعد میں اور بولتے پہلے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر 120 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، کوئی ڈیم کے نام پر واردات ڈالنے کی کوشش نہ کرے اور ایسا تاثر نہ دیں کہ کوئی نیا ڈیم بنا رہے ہیں، لوگوں کو بیوقوف نہ بنایا جائے نہ دھوکہ دینے کی کوشش کی جائے ۔

مشاہداللہ خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے کتنے ڈیم اور کتنی یونیورسٹیاں بنائیں ۔شوکت خانم بھی میرے اور عوام کے پیسے سے بنا ہے، شوکت خانم کے نام پر بیوقوف بنانے والے اس کے بورڈ سے تنخواہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے سوچتے بعد میں ہیں اور بولتے پہلے ہیں، کبھی بسکٹ انقلاب آرہا ہے اور کبھی سموسہ انقلاب آتا ہے، اب نعرے سن سن کرلوگوں کے کان پک گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت دھاندلی کے نتیجے میں بنی ہے، دھاندلی ثابت ہونے دیں ان کو اٹھا کر پھینکیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات