بھارت سے عبرتناک شکست کی وجہ کیا تھی،سرفراز احمد نے بتا دیا

اہم میچز سے قبل ویک اپ کال مل گئی،غلطیوں سے سیکھیں گے: سرفرازاحمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 ستمبر 2018 12:45

بھارت سے عبرتناک شکست کی وجہ کیا تھی،سرفراز احمد نے بتا دیا
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اچھا ہوا اہم میچ سے قبل’ ویک اپ کال‘ مل گئی،ہمارے زیادہ تر کھلاڑی غیر ضروری سٹروک کھیلتے ہوئے آوٹ ہوئے۔ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے اوپنرز بہت جلدی آﺅٹ ہوگئے اور اس کے بعد بھی پارٹنر شپس نہیں بن سکیں، ہمارے زیادہ تر کھلاڑی غیر ضروری سٹروک کھیلتے ہوئے آﺅٹ ہوئے،ہم نے کلدیپ اور چاہل کے خلاف تیاری کی ہوئی تھی لیکن کیدھر جادھو کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے، اچھا ہوا اہم میچز سے پہلے ویک اپ کال مل گئی،غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کریں گے کوشش ہوگی آئندہ میچز میں غلطیاں نہ دہرائیں۔

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پہلے میچ کی نسبت ٹیم اچھا کھیلی، خوشی ہے ٹیم نے اچھے انداز میں میچ ختم کیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ کے راﺅنڈ میچ میں پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تاہم پاکستان اور بھارت دونوں پہلے ہی سپر فور مرحلے میں جگہ بناچکے ہیں،پاکستان اور بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں بھی سپر فور مرحلے میں جگہ بناچکی ہیں، سپر فور مرحلے میں پاکستان اب بنگلہ دیش، افغانستان اور بھارت سے مزید ایک ،ایک میچ کھیلے گا،سپر فور مرحلے میں دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

دونوں ٹیمیں 2006ءکے بعد پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات میں آمنے سامنے آئیں ،اس سے قبل دونوں ٹیمیں 1984ءسے2000ءکے دورا ن شارجہ کے مقام پر کئی تاریخی میچز کھیل چکی ہیں ،دونو ں ٹیموں نے اب تک ایشیا ءکپ میں 12مرتبہ ایک دوسرے کا آمنا سامنا کر رکھا ہے اور بھارت نے 6اور پاکستان نے 5میچز میں کامیابی اپنے نام کی ہے ۔