تحریک کربلا ابدی پیغام ، یزیدی سوچ کی نفی ہے، پیر معصوم نقوی

جمعرات 20 ستمبر 2018 14:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) جمعیت علما پاکستان نیاز ی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ تحریک کربلا ابدی پیغام اور یزیدی سوچ کی نفی ہے۔ تکفیریت اور خارجیت نے اسلام کوشدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے مقابلے کے لئے اتحاد امت کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔عقید ہ توحید،ختم نبوت اور محبت اہل بیت پر کسی فرقے کی اجارہ داری نہیں،یہ تمام مکاتب فکر کی میراث ہے۔

آئین پاکستان میں مسلمان کی تعریف کرکے مسئلے کو حل کردیا گیا ہے۔جس پر سنی،شیعہ، دیوبندی اور اہل حدیث سب کا اتفاق ہے۔سنی شیعہ اختلافات تاریخی حقیقت ہیں مگر کسی کو کافر،مشرک ، ملحدیا مرتد کہنا از خود کفر ہے۔اس طرح کے نعروں نے امت کو عالمی سطح پر تقسیم کیا۔

(جاری ہے)

شدت پسندی کی بجائے خانقاہی نظام اور صوفی ازم کو فروغ دیا جائے،جس نے ہمیشہ بلا مذہب و مسلک امن کا پیغام دیا اور انسانیت کی خدمت کی ہے۔

جمعیت سیکرٹریٹ میں پیغام کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے صوفیا کی تعلیمات کو عام کیا جائے، دہشت گردی ، فرقہ واریت اور تکفیریت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ قرآن ہماری میراث اور حب اہل بیت ایمان کا حصہ ہے۔حضر ت محبوب الٰہی سید علی حسینی سرکار کا مسلک اتحاد و اتفاق تھا، جس سے لوگوںنے فیض پایا۔ حسینی فکر کو اجاگر کرکے امت کو درپیش مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ آوراسلام کا فہم و ادراک رکھنے سے عاری لوگوں نے تیار کئے۔جنہوں نے مزارات اولیائے اللہ ، مساجد ، امام بارگاہوں اورعسکری اداروں تک کو نشانہ بنایا اور لاکھوں بے گناہوںکو شہید کیا۔