وزیرمملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی یوم عاشور پر امن و امان کا جائزہ لیتے رہے، جڑواں شہروں کے مختلف مقامات کا دورہ کیا

علماء کرام مل کر امن و امان کیلئے موثر کردار ادا کریں، تمام مکاتب فکر کے لوگ پاکستانی ہیں ، قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت،شہر یار خان آفریدی

جمعہ 21 ستمبر 2018 20:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) وزیرمملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی جمعہ کو یوم عاشور پر امن و امان کا جائزہ لیتے رہے، یہاں جاری بیان کے مطابق وزیرمملکت نے جڑواں شہروں کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے راجہ بازار میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مدرستہ تعلیم القران میں علامہ مفتی اشرف علی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم سب مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مدارس ہمارے معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، علماء کرام مل کر امن و امان کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ پاکستانی ہیں اور قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت، قومی اتحاد کے فروغ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔