شاہ رخ، رنبیر اور عالیہ کے بعد جانھوی بھی سوئی دھاگا چیلنج میں کامیاب ،ْاکشے کمار ،ْ کرن جوہر ناکام

فلم ‘سوئی دھاگا‘ میں انوشکا اور ورون کی جوڑی پہلی بار جلوہ گر ہوگی جو 28 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی

اتوار 23 ستمبر 2018 16:11

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) بالی وڈ اداکار ورون دھون اور انوشکا شرما کی نئی آنے والی فلم ’سوئی دھاگا‘ کی تشہیر سوئی دھاگا کے انوکھے چیلنج سے جاری ہے۔ دونوں اداکاروں نے پورے ہندوستان کو سوئی دھاگا چیلنج میں شامل ہونے کا کہا ہے جس میں اب تک شاہ رخ خان سمیت عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور اب جانھوی کپور بھی کامیاب ہو چکی ہیں۔

سوئی دھاگا چیلنج کو پورا کرنے کے لیے 10 سیکنڈز کے اندر سوئی میں دھاگا ڈالنا ہے اور کامیاب ہونے کے بعد یہی چیلنج اپنے دوست کو دے دینا ہے۔ایسے میں جانھوی کپور نے سوشل میڈیا انسٹاگرام پر سوئی دھاگا چیلنج کرتے ہوئے ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اور ان کی بہن سوئی میں دھاگا ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

جانھوی کپور نے 10 سیکنڈز میں کامیابی سے چیلنج پورا کیا اور پھر اسے اپنے دوستوں کو دے دیا ہے۔

اکشے کمار، کرن جوہر اور ادتیا رائے اس چیلنج میں ناکام رہے تاہم انہوں نے انوشکا اور ورون کی فلم کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔رنبیر کپور اور کرن جوہر نے ساتھ مل کر یہ چیلنج کیا جس میں رنبیر کامیاب ہوئے جبکہ کرن جوہر سے سوئی میں دھاگا نہ ڈالا گیا جس کے بعد دونوں نے یہ چیلنج دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کو دیا ہے۔واضح رہے کہ فلم ‘سوئی دھاگا‘ میں انوشکا اور ورون کی جوڑی پہلی بار جلوہ گر ہوگی جو 28 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔