راولپنڈی،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیزکے ریٹائر ہونے والے 200سے زائد ملازمین کو پنشن کی ادائیگی میونسپل کارپوریشنوں کے بجٹ سے ادا کرنے کا حکم

گزشتہ3سال سے پنشن کے منتظر ان ملازمین میں پی ایچ اے راولپنڈی کی30ملازمین بھی شامل ہیں

اتوار 23 ستمبر 2018 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) صوبائی حکومت نے پنجاب بھر کی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز (پی ایچ ای)میں مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہونے والے 200سے زائد ملازمین کو پنشن کی ادائیگی میونسپل کارپوریشنوں کے بجٹ سے ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے گزشتہ3سال سے پنشن کے منتظر ان ملازمین میں پی ایچ اے راولپنڈی کی30ملازمین بھی شامل ہیں یہ احکامات ان ملازمین پر لاگو ہوں گے جو ملازمت کا زیادہ عرصہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں میں خدمات انجام دیتے رہے اور بعد ازاں صوبہ کے بڑے اضلاع میں پی ایچ ایز کے قیام کے بعد انہیں ادھر منتقل کر دیا تھااس ضمن میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن نمبرSO-Admn-ii(LG)9-5002011کے تحت راولپنڈی، ملتان ،فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کی میونسپل کارپوریشنوں کو ہدائیت کی گئی کہ وہ پی ایچ اے سے ریٹائرڈ ملازمین کو اپنے بجٹ سے پنشن کی فوری ادائیگی یقینی بنائیں ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ اس وقت راولپنڈی کی30ملازمین سمیت پنجاب کے پانچوں بڑے اضلاع میں 200سے زائد ایسے ملازمین موجود ہیں جن کی پوری سروس بلدیاتی اداروں کے شعبہ باغبانی میں گزری تاہم گزشتہ دور حکومت میں پنجاب بھرکے بڑے اضلاع میں پی ایچ ایز کے قیام کے بعد شعبہ باغبانی کے ان ملازمین کو پی ایچ ایز میں منتقل کر دیا گیا تھا تاہم مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائرڈ ہونے والے ان ملازمین کو پنشن کی ادائیگی متنازعہ حیثیت اختیار کر گئی تھی اور میونسپل کارپوریشنوں یا پی ایچ ایز میں سے کوئی بھی یہ مالی بوجھ اٹھانے کے لئے تیار نہیں تھا جس سے مذکورہ ملازمین گزشتہ3سال سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے تھے تاہم پنجاب حکومت نے معاملہ نوٹس میں آنے پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے پنشن کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ کارپوریشنوں کو پابند کیا ہے کہ چونکہ ان ملازمین نے زندگی کا زیادہ حصہ کارپوریشنوں میں خدمات انجام دی ہیں لہٰذا پنشن کی ادائیگی بھی کارپوریشنوں کی ذمہ داری ہے ۔