سندھ کے نئے چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ نے اپنا منصب سنبھال لیا

اتوار 23 ستمبر 2018 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) سندھ کے نئے چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ نے اپنا منصب سنبھال لیا ہے ۔ وہ 1936 میں صوبہ سندھ کے قیام سے ابتک78ویں اور 1970 میں ون یونٹ کے خاتمے سے ابتک 41 ویں چیف سکریٹری سندھ ہیں۔ نگران دورحکومت میں سندھ میں مقررکیے گئے چیف سیکریٹری میجرریٹائرڈ اعظم سلیمان نے اپنے عہدے کا چارج نئے چیف سیکریٹری کے حوالے کردیا ہے۔

اس سے قبل ممتازعلی شاہ وفاقی سکریٹری مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے طورپراپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

وہ اس سے قبل سندھ میں چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ، سیکریٹری اطلاعات سمیت اہم عہدوں پر فائز رہے۔ممتازعلی شاہ کی تعیناتی سبکدوش ہونے والے چیف سیکریٹری میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی جگہ عمل میں لائی گئی ہے۔

علاوہ ازیں میجرریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے گورنر ہائوس میں گورنرسندھ سے الوداعی ملاقات کی ،اس موقع پرگورنرسندھ عمران اسماعیل نے ان کی تعیناتی کے دوران صوبہ سندھ میں نظم و نسق کی بہتری کے اقدامات کو لائق تحسین قراردیتے ہوئے کہاکہ صوبہ سندھ میں پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔