شکست کے باوجود ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے پاکستانی پلیئرز کا بھر پور دفاع

سرفراز پاکستان کا بہترین کپتان ،کپتانی بہتر ہورہی ہے:ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 ستمبر 2018 13:43

شکست کے باوجود ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے پاکستانی پلیئرز کا بھر پور ..
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 ستمبر2018ء) ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلا ف عبرتنا ک شکست کے باوجود ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے قومی کھلاڑیوں کے بھرپور دفاع کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نوجوان پلیئرز پر مشتمل ہے اور اس میں بہتری آرہی ہے،سرفراز ،عامراور شعیب ملک کے علاوہ باقی سب لڑکے نئے ہیں اور ہمیں اس وقت ان کا حوصلہ بڑھانا چاہیے،آج ہمارا مقابلہ ایک مضبوط ٹیم سے تھا اور اسی وجہ سے نوجوان کھلاڑی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز پاکستان کا بہترین کپتان ہے اور اس کی کپتانی بہتر ہورہی ہے۔یاد رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے ایک میچ میں پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 238 رنز کے ہدف کو محض 40ویں اوور میں پورا کرلیا۔

بھارت کی جانب سے دونوں اوپنرز روہت شرما اور شکھر دھون میں شاندار سنچریاں سکور کیں اور پاکستانی گیند بازوں کےخلاف گراﺅنڈ کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔شیکھر دھون 114 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے جبکہ روہت شرما 111 رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کےخلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔اگلے آﺅٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کریز پر اپنا توازن کھو بیٹھے کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ بابر اعظم 9 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے۔

تین کھلاڑیوں کے جلد آﺅٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 165 کے مجموعی سکور پر سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔شعیب ملک نے بھی 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ جسپریت بھمراہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے۔

شعیب ملک کے بعد آصف علی اچھے آغاز کے باوجود اپنی اننگز کو آگے لیکر نہ جاسکے اور 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر یزویندرا چاہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔آصف علی کے آو¿ٹ ہونے کے بعد انڈین گیند بازوں نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے اختتامی اوورز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو تیزی سے رنز سکور کرنے سے باز رکھا۔پاکستانی بلے باز بمشکل 237 رنز ہی بناپائے۔ اختتامی اوورز میں بھارتی بولرز کے غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آخری 7 اوورز میں پاکستان صرف 38 رنز ہی بنا پایا۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، یزویندرا چاہل اور کلدیپ یاودیو نے دو، دو کھلاڑیوں کا آﺅٹ کیا۔