عجمان:4 سالہ بچہ چوتھی منزل سے گِر کر جاں بحق

والدین کے مطابق حادثے کے وقت بچہ ٹیبلٹ میں مگن تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 ستمبر 2018 10:23

عجمان:4 سالہ بچہ چوتھی منزل سے گِر کر جاں بحق
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) عجمان میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک چار سالہ عرب بچہ اپارٹمنٹ کی بالکونی سے نیچے گراؤنڈ فلور پر آ گِرا جس کے باعث اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت بچہ ایک موبائل ٹیبلٹ کے ساتھ مصروف تھا۔ یہ افسوس ناک واقعہ النُعیمیہ کے علاقے میں پیش آیا۔ اس رہائشی بلڈنگ کے چوکیدار نے بچے کو چوتھی منزل سے زمین پر گِرتے دیکھا جس نے ہاتھوں میں ٹیبلٹ تھام رکھا تھا۔

نُعیمیہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل غائط خلیفہ الکعبی نے بتایا کہ پولیس کو اس حادثے کے اطلاع سوموار کے روز دوپہر12 بجے کے قریب مِلی۔ جس پر پولیس اہلکاروں اور طبی عملے کی ایک ٹیم روانہ کر دیا گیا۔ مگر انہوں نے جائے حادثہ پر جا کر دیکھا تو بچوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پا چکا تھا۔

(جاری ہے)

یہ بچہ بالکنی میں کھڑا ٹیبلٹ پر گیم کھیل رہا تھا اچانک یہ بے دھیانی میں ریلنگ پر چڑھا مگر توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث زمین پر آن گِرا۔

بدنصیب بچے کی لاش کو خلیفہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جس وقت بچے کا ریلنگ پر توازن بِگڑا تو اُس کی ماں نے منظر دیکھ لیا۔ مگر جب تک وہ ریلنگ تک پہنچتی، بچہ پھسل کر زمین پر جا گِرا۔ اس دوران ماں کی چیخ و پکار نے چوکیدار کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا۔ غم سے نڈھال ماں نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی چھوٹی بیٹی کو سُلانے میں مصروف تھی جس دوران بچہ اچانک بالکنی میں پہنچ گیا اور وہاں سے نیچے گر کر حادثے کا شکار ہو گیا۔

واضح رہے کہ امارات میں اس نوعیت کے پہلے بھی کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔ جس میں درجنوں بچے والدین کی لاپرواہی کے باعث خُدا کو پیارے ہو گئے۔ رواں ماہ میں ایک پانچ سالہ عرب بچی بھی ساتویں فلور سے گِر جانے کے باعث اپنی جان سے محروم ہو گئی تھی، اس وقت اُس کے والدین گھر پر موجود نہ تھے اور صرف ایک ملازمہ ہی تھی جس کی غفلت کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

متعلقہ عنوان :