سعودی ولی عہد محمد بن سلمان موت کے خوف سے سمندر میں سونے لگے

محمد بن سلمان اپنے اصلاحی اور اعتدال پسند اقدامات کی وجہ سے اسلامی انتہاپسندوں کے نشانے پر ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 26 ستمبر 2018 11:08

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان موت کے خوف سے سمندر میں سونے لگے
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 ستمبر 2018ء) 32 سالہ سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کو دُنیا بھر میں ایک مصلح اور روشن خیال نوجوان لیڈر کے طور پر دیکھا جاتا ہے اُن کے وژن 2030ء کے تحت مملکت کو ترقی کی اُونچائیوں پر گامزن کرنے کے لیے ہر شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہی کے احکامات کی روشنی میں پہلی بار سعودی خواتین کو سماجی اور سیاسی حقوق حاصل ہو رہے ہیں اور اُنہیں مختلف شعبوں میں ملازمتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔

تاہم اُن کے بارے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اس وقت اُن کی اعتدال پسند پالیسیوں کے باعث مملکت کے اندر اور باہر بہت سے انتہا پسند لوگ اُن سے سخت نالاں ہیں۔ اس کے علاوہ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے پر شاہی خاندان کے بہت سے شہزادے اور بزرگ بھی اُن کے لیے اپنے دل میں کینہ پال بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی تھنک ٹینک ’’بروکنگس انسٹی ٹیوشن ‘‘کے انٹیلی جنس پراجیکٹ کے ڈائریکٹر برُوس ریڈل کی جانب سے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

برُوس ریڈل جو کہ ایک نامور کالم نگار بھی ہیں، اُنہوں نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جان کو لاحق اسی خطرے باعث شہزادہ محمد اپنا زیادہ تر وقت اپنی لگژری اور شاندار 440 فٹ لمبی کشتی پر گزارتے ہے۔ تقریباً پچاس کروڑ ڈالر کی یہ کشتی پہلے ایک ارب پتی رُوسی بزنس مین کی ملکیت تھی۔ جب محمد بن سلمان کو فرانس میں چھُٹیاں گزارنے کے دوران یہ شاندار کشتی دکھائی دی تو انہوں نے اسے خرید لیا۔

اوراب اپنی جان کے خوف سے اپنی زیادہ تر راتیں اسی پر گزارتے ہیں۔ اس کشتی میں دو ہیلی پیڈ، عالی شان سیلون اور تین عدد سوئمنگ پولز بھی ہیں۔ برُوس ریڈل کے مطابق یہ کشتی نہیں بلکہ فٹ بال کے میدان کے سائز کا ایک تیرتا ہوا محل ہے جس میں دُنیا بھر کی بہترین سہولیات میسر ہیں۔ جبکہ دُشمن کے حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے اس کے اندر سیکیورٹی کا جدید اور طاقتور نظام نصب کیا گیا ہے۔یہ کشتی زیادہ تر جدہ کے ساحل پر لنگر انداز رہتی ہے۔ جبکہ کسی بغاوت اور اچانک حملے کی صورت میں فرار حاصل کرنے کے لیے بہت قابل بھروسا سواری بھی ہے۔