شاعرہ’’صائمہ اسحاق ‘‘کے دوسرے شعری مجموعہ’’ رخت‘‘ کی تقریب رونمائی کاانعقاد

بدھ 26 ستمبر 2018 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام بہ تعاون بز م فروغ ادب پاکستان شاعرہ’’صائمہ اسحاق ‘‘کے دوسرے شعری مجموعہ’’ رخت‘‘ کی تقریب رونمائی کی گئی۔اس تقریب کے صدر ممتاز صحافی محمود شام نے کہا کہ صائمہ اسحاق ادبی منظرنامے پر اپنی شناخت رکھتی ہیں،ان کی شاعری لامحدود فکر کو بیان کرتی ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ہارون رشید نے کہا کہ ان کی شاعری میں لب ولہجے کی شیرینی ہے ان کے کلام میں زندگی نظر آتی ہے جو قاری کو بے اختیار پڑھنے پر مجبور کردیتی ہے۔تقریب کی مہمان اعزازی پروفیسر رضیہ سبحان نے کہا کہ صائمہ اسحاق نے اردو ادب کو شہرت بخشی ہے حالانکہ یہ ان کا دوسرا شعری مجموعہ ہے لیکن ان کی شاعری میں خوش اسلوبی کا ایک اہم کردار ہے جو ان کی شاعری میں مزید جان بخشتا ہے۔

(جاری ہے)

اس تقریب کے موقع پر اردو ادب کی معروف شاعرہ عنبرین حسیب عنبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صائمہ اسحاق کے لیے شاعری مشغلہ نہیں بلکہ مسئلہ ہے کیونکہ وہ اپنی شاعری کے ذریعے لو گوں میں شعور بیدار کرنا چاہتی ہیں، ان کی شاعری میںایک انفرادی احساس ہے ۔ ڈاکٹر اوج کمال نے صائمہ اسحاق کی شخصیت کو بیا ن کرتے ہوئے کہا کہ وہ سماج کے بدلتے حالات کو محسوس کرتی ہیں اور پھر انھیں اپنے لفظوں میں لکھتی ہیں ،انہوںنے اپنی شاعری کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ وہ اردو ادب میں ایک اہم مقام رکھتی ہیں۔

شاعرہ ڈاکٹر نزہت عباسی نے کہا کہ صائمہ ایک باشعور ،حقیقی اور تخلیقی شاعرہ ہیںوہ اپنی شاعری میں تہذیب اور روایت کا استعمال کرتی ہیں۔اس پروقار تقریب کے موقع پرشیخ راشد عالم حمیرا راحت ،قاضی دانش،وقار زیدی اور دیگرنے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔اس تقریب کے اختتام پر صائمہ اسحاق نے اپنی کتاب کے چند اشعار پیش کئے اورمحمود شام کو کتاب بھی پیش کی اور مہمان خصوصی ،مہمان اعزازی سمیت تمام مقررین کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور شیلڈ زبھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :