اسد عمر ذمہ دار عہدے پر ہیں ادھر ادھر کی غیر ذمہ دارانہ باتیں نہ کریں،شاہد خاقان عباسی

اپوزیشن میں کچھ نہیں سیکھا تو اب سیکھ لیں حکومت مسائل کو حل نہیں کر پائے گی مشکلات ہیں جو بڑھتی ہی جائیں گی،نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 3 اکتوبر 2018 23:42

اسد عمر ذمہ دار عہدے  پر ہیں ادھر ادھر کی غیر ذمہ دارانہ باتیں نہ کریں،شاہد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2018ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اسد عمر ذمہ دار عہدے پر ہیں ادھر ادھر کی غیر ذمہ دارانہ باتیں نہ کریں۔ اپوزیشن میں کچھ نہیں سیکھا تو اب سیکھ لیں حکومت مسائل کو حل نہیں کر پائے گی۔ مشکلات ہیں جو بڑھتی ہی جائیں گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گردشی قرضوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے صوبوں کا تعاون ضروری ہے۔

گردشی قرضے وہ خرابیاں ہیں جو 40سال کی پیدا کردہ ہیں انہیں کرنے میں وقت لگے گا۔ یہ مسئلہ اتنا آسان نہیں جتنا اسد عمر صاحب سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسد عمر اب ذمہ دار پوزیشن پر ہیں ۔ ادھر ادھر کی اور غیر ذمہ دارانہ باتیں کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے 5سال اگر اپوزیشن میں کچھ نہیں سیکھا تو اب سیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس سیکٹر میں کوئی خسارہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی فیصلے کئے ملک کے مفاد میں کئے ۔ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی جھگڑا تو نہیں تھا کہ معاملات حل ہوئے۔ انتخابات چوری ہوئے ہیں اور تبدیلی آئی ہے۔ پہلے پنجاب میں ایک وزیر اعلیٰ کام کرتا تھا اب 4کر رہے ہیں۔ مشکلات ہیں جو بڑھتی جائیں گی۔ میں نہیں سمجھتا کہ حکومت پنجاب یا ملک کے مسائل کو حل کر پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو ملک صاف اور شفاف انتخابات نہ کروا سکے وہاں ترقی بڑی مشکل ہے۔