اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق سفیر حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

جمعہ 5 اکتوبر 2018 22:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2018ء) اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سفارت خانے کے فنڈز میں خرد برد کے الزام میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔خصوصی عدالت کی جج ارم نیازی نے حسین حقانی کے خلاف مذکورہ کیس کی سماعت کی اور ایف آئی اے کی رپورٹ کی بنیاد پر حسین حقانی کے وارنٹ جاری کرنے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایف آئی اے نے حسین حقانی پر لگائے گئے الزامات سے متعلق رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حسین حقانی نے سفارتخانے کے 20 لاکھ ڈالر کے فنڈ میں خرد برد کی تھی اور وہ جان بوجھ کر روپوش ہیں۔ایف آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حسین حقانی کے کراچی کے گھر پر اشتہار چسپاں کیا گیا تھا۔عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ پر حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کرنے کے بعد کیس کی فائل داخل دفتر کردی۔رواں برس مارچ میں ایف آئی اے نے سابق سفیر پر ‘فنڈز میں خرد برد اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے’ کا الزام لگایا تھا اور سیکشن 3، 4 409، 420 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔