راس الخیمہ:خونخوار بچیوں کی سکول آمد پر دو دِن کی پابندی لگا دی گئی

دونوں بہنیں چھٹی جماعت کی طالبہ کو متعدد بار مار پیٹ کا نشانہ بنا چُکی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 اکتوبر 2018 16:24

راس الخیمہ:خونخوار بچیوں کی سکول آمد پر دو دِن کی پابندی لگا دی گئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 اکتوبر2018ء) راس الخیمہ کے ایک سکول نے دو سگی بہنوں کے پُرتشدد رویئے کی بناء پر اُنہیں دو دِن کے لیے سکول آنے سے روک دیا۔ جبکہ اُن پر ہفتے کے لیے سکول بس استعمال کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چھٹی جماعت کی بچی کی والدہ فاطمہ الشیہی نے وزارت تعلیم کی خصوصی ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے شکایت درج کروائی تھی کہ اُس کی بچی کو سکول کی دو جھگڑالو بچیوں نے متعدد بار مار پیٹ کا نشانہ بنایا ہے۔

مگر سکول کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ ہر مرتبہ اُسے کہا جاتا کہ بچوں میں لڑائی جھگڑا معمولی بات ہے۔ اس پرانضباطی کارروائی کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ سکول والوں کے اس رویئے کے باعث شریر اور لڑاکا بچیوں کا حوصلہ اتنا بڑھ گیا کہ چند روز قبل انہوں نے اُس کی بچی کو بہت زیادہ مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور اُسے گالیاں بھی بکیں۔

(جاری ہے)

بچی جب گھر پہنچی تو چوٹوں کے باعث درد سے کراہ رہی تھی اور اس پر خوف کے مارے کپکپی طاری تھی۔ اس شکایت کے موصول ہونے کے بعد وزارت نے چند ماہرین کو سکول بھیجا جنہوں نے بچی کا جسمانی اور ذہنی چیک اپ کیا۔ بچی نے بتایا کہ وہ دو طالبات جو کہ سگی بہنیں ہیں، اُن کی جانب سے آئے روز کی مار پیٹ ، گالم گلوچ اور دھمکی آمیز رویئے کے باعث ہر وقت خوف کی فضا میں رہنے لگی تھی۔

اُس نے کئی بار ٹیچر کو بھی آگاہ کیا مگر اُس کی بات پر کوئی دھیان نہ دِیا گیا۔ حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد دونوں بچیوں کو اُن کے پُرتشدد رویئے کی بناء پر دو روز کے لیے سکول آنے پر پابندی عائد کر دی گئی اس کے علاوہ وہ سات روز تک سکول کی بس پر سفر کرنے کی سہولت حاصل نہیں کر سکیں گی۔ پرنسپل کے مطابق اگر ان جنونی بچیوں نے پھر بھی اپنی اصلاح نہ کی تو پھر اُن کا نام سکول سے خارج کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے اساتذہ کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ان بچیوں کے رویئے پر نظر رکھیں گی تاکہ یہ دُوسری بچیوں کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

متعلقہ عنوان :