یوکرین کیلئے چھ ارب ڈالر کے نئے امریکی پیکج کا اعلان

امدادی پیکج یوکرین کی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدددے گا،امریکی وزیردفاع

ہفتہ 27 اپریل 2024 13:43

یوکرین کیلئے چھ ارب ڈالر کے نئے امریکی پیکج کا اعلان
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ یوکرین کو اضافی پیٹریاٹ میزائلوں کی کھیپ فراہم کرے گا۔ تاکہ یوکرین روس کے خلاف اپنے فضائی دفاعی نظام کو بہتر بنا سکے۔ پیٹریاٹ میزائلوں کی یہ اضافی فراہمی یوکرین کے لیے امریکہ کے 6 ارب ڈالر کے نئے امدادی پیکج کا حصہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرین کو فراہم کردہ پیٹریاٹ میزائلوں کی یہ کھیپ ایئر ڈیفنس سسٹم میں اضافہ ہوگا۔

پیٹریاٹ میزائل اس پیکج کا حصہ ہیں جو نیشنل ایڈوانسڈ سرفیس ٹو ایئر میزائل سسٹم کے لیے فضائی دفائی لانچرز اور میزائلوں کو مربوط بنانے کے لیے شامل کیے گئے ۔یوکرین کے پاس موجود ہتھیاروں میں ریڈار پرانے دفاعی فضائی نظام سے متعلق ہیں جو یوکرین کے پاس سوویت یونین کے وقت سے چلی آرہی ہیں جو اب ناکارہ ہیں کیونکہ وہ پرانی ٹیکنالوجی سے تعلق رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے چند روز پہلے امریکہ نے یوکرین اور اسرائیل وغیرہ کے لیے مجموعی طور پر 95 ارب ڈالر کے نئے فوجی امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔ یہ خطیر مالیت کے حامل پیٹریاٹ میزائل بھی اس نئے پیکج کی وجہ سے یوکرین کو ملیں گے۔امریکی وزیر دفاع اسٹن نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ میں یوکرین کی فوجی معاونت کے پیکج کے طور پر 6 ارب ڈالر کا اعلان کر رہا ہوں۔

یہ اب تک کا سب سے بڑا دفاعی امدادی پیکج ہے جس کا اعلان کیا ہے۔آسٹن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا 'یہ امدادی پیکج یوکرین کو اس بات کی بھی اجازت دے گا کہ وہ اپنی جنگی صلاحیت کو بہتر کرنے کے لیے امریکہ کی اسلحہ ساز صنعتوں سے نیا اور جدید اسلحہ خرید سکے۔آسٹن نے مزید کہاکہ اس نظام کے تحت یوکرین اس صلاحیت میں بھی آجائے گا کہ وہ ڈرونز کا مقابلہ کر سکے۔ نیز توپ خانے کے لیے گولہ بارود، مرمت کے معاملات اور اسلحہ کی پائیداری کی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے گا۔