غزہ پراسرائیلی ناکہ بندی کے باعث بچوں کی اموات میںتشویشناک اضافہ

بدھ 10 اکتوبر 2018 12:38

غزہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے عائد کردہ اقتصادی پابندیوں کے باعث بچوں کی اموات میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کے باعث ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات محدود اور ادویات کا فقدان جس کے نتیجے میں ہر ماہ پانچ سے دس بچے علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں شعبہ اطفال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر بلبل نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے نتیجے میں ہر ماہ پانچ سے دس بچے موت کے منہ میںچلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے تمام ہسپتالوں میں بچوں کی ادویات میں قلت اور مناسب طبی سہولیات کا فقدان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الشفاء کمپلیکس میں بچوں کے لیے آکسیجن کا سسٹم معطل ہے۔ کمپلیکس کو6 ڈاکٹروں اور 20 سی24 نرسوں کی اشد ضرورت ہے جب کہ بچوں کے وارڈ میں 20 سے 25 افراد کی ضرورت ہے۔فلسطینی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ الشفاء کمپلیکس میں لائے جانے والے بچوں کا بہت زیادہ رش ہے۔