اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری

جتنے دن قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا، شہباز شریف کو لایا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اکتوبر 2018 16:01

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کے لیے اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں درخواست دے رکھی تھی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آج اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جس کے تحت جب جب قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا ، شہباز شریف کو قومی اسمبلی لایا جائے گا اور وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ 5 اکتوبر کو صدر مسلم لیگ ن اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں حراست میں لیا گیا۔ جس کے بعد 6 اکتوبر کو انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔نیب نے عدالت سے شہباز شریف کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور کہا کہ شہباز شریف نے پیراگون سٹی کو بھی فائدہ پہنچایا، شہباز شریف سے مزید تفتیش درکار ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے وکیل نے نیب کی استدعا کی مخالفت کی۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جس کے بعد احتساب عدالت نے نیب کی استدعا جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور انہیں نیب کے حوالے کردیا جہاں سے انہیں نیب حوالات منتقل کر دیا گیا۔ شہباز شریف اپنی گرفتاری کا صدمہ بظاہر برداشت نہیں کر سکے اور یہی وجہ ہے کہ وہ دو راتوں سے سو نہیں سکے۔

شہباز شریف کو رات کے اوقات میں نیند نہ آنے کی بیماری انسومنیا ہے اور اس کے ساتھ شہباز شریف ریڑھ کی ہڈی میں درد کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں ۔ شہباز شریف کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن سراپا احتجاج ہے۔ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے کی درخواست کی تھی جسے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے منظور کرتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری کردیا۔