وزیراعلیٰ پنجاب کی ثقافتی،ادبی و علمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

مقامی فنکاروں کے فن کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں

جمعہ 12 اکتوبر 2018 18:52

وزیراعلیٰ پنجاب کی ثقافتی،ادبی و علمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ..
لاہور(این این آئی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ثقافتی، ادبی و علمی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور مقامی فنکاروں کی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی جائے۔ تنائو کے ماحول میں ثقافتی ، ادبی و علمی سرگرمیوں کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت اس حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرے۔

یہ بات انہوں نے صوبے میں ثقافتی ،ادبی و علمی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے موقع پر کہی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب ادب ،ثقافت اورعلم کے حوالے سے ایک ذرخیز خطہ ہے جس نے بڑے بڑے نامور ادیب، شاعر، دانشور اور فنکار پیدا کئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف مقامی فنکاروں کے فن کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں بلکہ اس ضمن میں تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں جس میں مقامی فنکاروں اور ادیبوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے عوام کو تفریح کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت سے آشنائی کا بھی موقع ملے گا۔ انہوں نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ بھر میں ثقافتی ،ادبی وعلمی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے پلان مرتب کرکے جلد پیش کریں۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت بلال بٹ نے اس موقع پر بتایا کہ ان کا محکمہ پہلے ہی ثقافت کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے اور متعدد پروگراموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ادبی ، ثقافتی وعلمی سرگرمیو ںکے فروغ کے حوالے سے جامع پلان جلد پیش کریں گے۔