وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم سے ترک نائب وزیر خارجہ یوآز سلیم کرن اور ترک معارف فائونڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر برول اکگن کی ملاقات

جمعہ 12 اکتوبر 2018 19:53

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم سے ترک نائب وزیر خارجہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ترکی کے نائب وزیر خارجہ یوآز سلیم کرن اور ترکی کی معارف فائونڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر برول اکگن سے ملاقات کے دوران کیا۔

ترکی کے نائب وزیر نے وزیر قانون و انصاف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ترکی کی سرکاری تنظیم معارف فائونڈیشن کا تعارف کرایا جو کہ ترکی کے پارلیمانی قانون کے تحت قائم کی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران فائونڈیشن کے پاک ترک سکول کی انتظامیہ کو حوالے کرنے کی ضرورت سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروفیسر برول اکگن نے بتایا کہ معارف فائونڈیشن 2016ء میں پاکستان انٹرنیشنل این جی او کے طور پر رجسٹرڈ کرائی گئی جو کہ 90 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے اور 30 ممالک میں سکول قائم کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ شدت پسند مذہب اور تعلیم کی آڑ میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور ہم انہیں اپنے تعلقات ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ترکی اور ترک عوام کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک شدت پسندوں کی جانب سے یہ غلط تاثر پیدا کیا گیا ہے کہ وہ ترکی اور ترک صدر طیب اردوان کے حامی ہیں، یہ افراد پاکستانی قانونی نظام کے تحت مہلت حاصل کرتے ہیں تاہم یہ تاثر بتدریج تبدیل ہو رہا ہے۔

انہوں نے معارف فائونڈیشن کے سکولوں کی انتظامیہ کو منتقل کرنے سے متعلق امور میں ترکی کو پاکستانی قوانین اور عدالتی نظام کے تحت اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ترکی کے دشمنوں کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری اور پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یارداکل بھی موجود تھے۔