زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں غریب اور ضرورت مند خواتین میں ساہیوال نسل کی 30گائیں تقسیم

جمعہ 12 اکتوبر 2018 23:53

فیصل آباد۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں غریب اور ضرورت مند خواتین میں ساہیوال نسل کی 30گائیاں تقسیم کی گئیں ۔ ترکش انٹرنیشنل کوآپریشن و کوارڈی نیشن ایجنسی (ٹیکا) اور شعبہ تھیروجنالوجی کے اشتراک سے سمندری روڈ اور جھنگ روڈ سے وابستہ دیہی علاقوں میں کئے گئے سروے کے نتیجہ میں سامنے آنیوالی 30ضرورت مندخواتین میں غربت کے خاتمے اور ان کے بچوں کیلئے تعلیمی وسائل کا اہتمام کرنے کیلئے یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں فی کس ایک گائے اور ایک بچہ ان کے حوالے کیا گیا۔

تقریب میں ترکش انٹرنیشنل کوآپریشن و کوارڈی نیشن ایجنسی (ٹیکا) کے سینئر پروگرام آفیسرمحمود سید اور پروگرام آفیسر وقاص بشیر خان کے ساتھ ساتھ ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس اور پراجیکٹ کے کوارڈی نیٹر ڈاکٹرظفر اقبال قریشی اور پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسرڈاکٹر لئیق اکبر لودھی نے خاص طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پراجیکٹ کوارڈی نیٹر نے گائے حاصل کرنے والی خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جانوروں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جانور کی صحت کو درپیش کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ان کی ٹیم سے فوری رابطہ کریں۔

پروگرام کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی نے کہا کہ تین سال بعد ہر خاندان گائے کی ایک بچھڑی پراجیکٹ کو واپس کرنے کا پابند ہوگا تاکہ ان کے ذریعے مزید ضرورت مند خواتین تک پراجیکٹ کے فوائد پہنچائے جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک سال قبل ٹیکا کے ذریعے مکمل ہونے والے پروگرام میں 68ضرورت مند خاندانوں میں فی کس چار بکریاں اور ایک بکرا تقسیم کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی معاشی حالت میں بہتری پیداہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے ذریعے ضرورت مند خواتین میں ساہیوال نسل کی بہترین گائیں تقسیم کی گئیں ہیں جن سے روزانہ کم سے کم15کلوگرام دودھ کی فروخت سے ان کی معاشی حالت میں نمایاں بہتری پیداہوگی جس کے ذریعے ان کے بچوں کی تعلیم کے وسائل بھی بخوبی پیدا ہوسکیں گی۔ اس موقع پر گائیں وصول کرنیوالی خواتین سے خطاب میں ڈاکٹر لئیق اکبر لودھی نے خواتین کو ہدایت کی کہ روزانہ سارا دودھ بیچنے کے بجائے کم سے کم آدھا کلو دودھ وہ اپنے استعمال میں لائیں گی تاکہ ان کی جسمانی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوسکیں۔