ملک بھرکے چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس کی ایسوسی ایشن قائم کی جائیگی ‘محمدسبطین خان

وزیراعظم سے منظوری کے حصول کیلئے ایسوسی ایشن کے رولزاینڈ ریگولیشن فوری تشکیل دئیے جائیں لاہورچڑیاگھر اور سفاری زو میں سوونیئرشاپس بھی قائم کی جائیں ‘صوبائی وزیر جنگلات کا اجلاس سے خطاب

پیر 15 اکتوبر 2018 18:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) ملک بھر کے چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس کی ایسوسی ایشن تشکیل دی جائے جس میں تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کے جنگلی حیات کے وزراء اورڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف شامل ہوں تاکہ وہ نہ صرف ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوسکیں بلکہ تمام صوبے اپنے چڑیاگھروںاور وائلڈلائف پارکس میں سرپلس جانوروں کاتبادلہ بھی کرسکیں ۔

صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری محمد سبطین خان نے اس ضمن میں تمام معاملات کوحتمی شکل دینے اور ایسوسی ایشن کیلئے رولز اینڈ ریگولیشن بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ فوری طور پر وزیراعظم سے منظوری حاصل کی جاسکے ۔ انہوں نے یہ بات کوپر روڈ پر فاریسٹ کمپلیکس میں لاہورچڑیاگھر اور سفاری زوکے حوالے سے بریفنگ کے دوران کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف کنزرویٹرآف فاریسٹ سنٹرل زون سیداعجازحسین شیرازی ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈکوارٹرز محمدنعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو چودھری شفقت علی ، ڈائریکٹر لاہورچڑیاگھر حسن علی سکھیرا اورڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہورچڑیاگھر اورسفاری زو کو جدیدخطوط پر استوارکرنے کیلئے جامع منصوبہ بناکر پیش کیاجائے تاکہ شائقین دلچسپی کامزید سامان پیدا کیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چڑیاگھر اور سفاری زو میں آنیوالے شائقین خصوصاً بچوں کی تفریح کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ۔ جانوروں کے ادھورے جوڑے مکمل کرنے کیلئے مکمل منصوبہ ترتیب دیکر پیش اور چڑیاگھرمیں ہاتھی لانے کو عمل کومزید تیزکیا جائے ۔

محمد سبطین خان نے مزید کہا کہ شائقین کو نا ئٹ سفاری کی تفریح فراہم کرنے کیلئے دنیابھر میں قائم نا ئٹ سفاری زو میں دستیاب تفریحی سہولیات کاجائزہ لے کر منصوبہ ترتیب دیاجائے اور اس حوالے سے اٹھنے والے اخراجات اورمتوقع آمدنی کاتخمینہ بھی لگایاجائے جس میں ملک میں انرجی بحران کو پیش نظررکھتے ہوئے نائٹ سفاری زو کیلئے سولر انرجی کے استعمال کے اخراجات بھی شامل کئے جائیں ۔انہوںنے انچارج افسران کو کہا کہ لاہورچڑیاگھر اور سفاری زومیں سوونئیر شاپس قائم کی جائیں جس میں ہینڈ کرافٹس ، پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے کلچرسے متعلق اشیاء موجود ہونی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :