آئی جی خیبرپختونخواسے یواین ڈی پی کے وفدکی ملاقات

منگل 16 اکتوبر 2018 23:23

آئی جی خیبرپختونخواسے یواین ڈی پی کے وفدکی ملاقات
پشاور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) یونائیٹڈنیشن ڈیویلپمنٹ پروگرام برائے ایشیاء کے ایک تین رکنی وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین خان محسود سے ملاقات کی۔ملاقات میں یواین ڈی پی کی جانب سے محکمہ پولیس کی افرادی قوت کی صلاحیتیں بڑھانے کے حوالے سے مختلف سرگرمیو ں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صوبائی پولیس سربراہ نے وفد کے ارکان کو محکمہ پولیس میں متعارف شدہ اصلاحات بالخصوص پولیس آرڈر2017 خیبر پختونخوا کے جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیتی پروگراموں اور کورسز ،تفتیش کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لئے جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیت اور کورسز،دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے علیحدہ یونٹ کائونٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کا قیام ،جوانوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لئے سپیشلائزڈ تربیتی سکولوں کے قیام اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

پولیس سربراہ نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر تھانوں میں خواتین کے مسائل سننے اور حل کرنے کے لیے علیحدہ خواتین ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جو صرف اور صرف خواتین کے مسائل سنتے ہیں اور انہیں حل کرنے کی حتی الوسع کوششیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں دوسرے صوبوں کی نسبت کمیونٹی پولیسنگ کی بدولت امن و آمان کی صورتحال کافی بہتر ہے۔

تنازعات کے حل کے کونسلز کے قیام سے قتل مقاتلے کے واقعات میں 24فیصد کمی آئی ہے۔ پشاور اورسوات میں جدید سہولیات سے آراستہ فورنزک سائنس لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں جو تفتیشی افسران کے لیے تفتیشی اُمور سے متعلق کافی مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ آئی جی پی نے مزید بتایا کہ دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جارہا ہے۔وفد کے ارکان نے خیبر پختونخوا پولیس میں متعارف شدہ اصلاحات کی تعریف کی اور فورس کے جوانوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار اور بہتری لانے اور درپیش چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لئے بالخصوص تفتیش کے شعبہ میں جوانوں کی صلاحیتوں بڑھانے کے لئے غیر ملکی ماہرین کی نگرانی میں مختلف تربیتی پروگرام تربیت دینے کا بھی یقین دلایا۔

آئی جی پی نے خیبر پختون خوا پولیس جوانوں کو درپیش چیلنجوں سے بہتر اور موثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید تربیت سے آراستہ کرنے کے سلسلے میں تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی پر وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔وفد کے ارکان میں مسٹر سکائی، مسٹر اگناسیو اور جاخونگیر خیا دروف شامل تھے۔