کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی ریاستی دہشتگردی کی مذمت ،ْصہیونی ریاست غصے سے آگ بگولہ ،ْ صہیو نی وفد کا بطور احتجاج واک آئوٹ

غاصب صہیونیوںنے 70 سال سے فلسطینیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے ،ْحقوق غصب کیے گئے ہیں ،ْ مرزوق الغانم

بدھ 17 اکتوبر 2018 15:00

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) کویت کی پارلیمنٹ مجلس الام کے اسپیکر مرزوق علی الغانم نے جنیوا میں عالمی پارلیمانی اتحاد کے اجلاس سے خطاب میں فلسطینیوں کے خلاف قابض اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی جس پر صہیونی ریاست آگ بگولہ ہوگئی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جنیوا میں منعقدہ عالمی پارلیمانی اتحاد کے اجلاس سے خطاب میں کویتی رہنما نے کہا کہ اگر اسرائیل کو یہ گمان ہے کہ فلسطینی اس کے مظالم کے سامنے سفید پرچم لہرائیں گے تو یہ ناممکن ہے۔

صہیونی ابلیسوں کی یہ توقع پوری نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے 50 سال سے زیتون کی شاخ تھام رکھی ہے مگر انہیں اس کے جواب میں ھاون راکٹوں، میزائلوں اور بموں کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

جب فلسطینی اپنے دفاع کے لیے پتھر اٹھاتے ہیں تو صہیونی ان پر خود کار رائفلوں سے فائرنگ کرتے ہیں۔مرزوق الغانم نے کہا کہ غاصب صہیونیوںنے 70 سال سے فلسطینیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔

ان کے حقوق غصب کیے گئے ہیں۔ میں ان غاصبوں سے کہتا ہوںکہ تم ایک فلسطینی کے گھر میں ماتم برپا کرتے ہو وہ اس کے مقابلے میں 10 شادیاں کرتے ہیں۔ تم ایک فلسطینی کو شہید کرتے ہو وہ 10 پیدا کرتے ہیں۔ تمہاری ایک گولی کے مقابلے میں وہ ہزاروں نغمے، قصیدے اور نعرے تیار کرتے ہیں۔ یہی ہماری اخلاقیات ہیں۔انہوں نے فلسطینی قوم کے ساتھ ہونے والے مظالم کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر موثر مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے عالمی پارلیمنٹ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ دوسری جانب کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی تقریر پر صہیونی وفد آگ بگولہ ہوگیا اور سخت برہمی کا اظہار کیا ،ْجب وہ تقریر کر رہے تھے تو صہیونی وفد بہ طور احتجاج واک آئوٹ کر گیا۔