ملک بھر میں 19 اکتوبر کو ’’یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین‘‘ منایا جائے گا، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:28

ملک بھر میں 19 اکتوبر کو ’’یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین‘‘ منایا جائے ..
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ملک بھر میں 19 اکتوبر کو ’’یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین‘‘ منایا جائے گا۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الحق مجاہد ، مولانا عبد الکریم ندیم، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی ، مولانا اسعد زکریا، مولانا حسین احمد درخواستی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا عثمان بیگ فاروقی ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا اسید الرحمن سعید ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد اشفاق پتافی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ اسلام اور مسلم دشمن قوتیں مسلمانوں پر حملہ آور ہیں اور اسلامی ممالک کو کمزور کرنے کی سازشوں کا اصل ہدف مملکت سعودی عرب کو بنایا جا رہا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان ارض الحرمین الشریفین مملکت سعودی عرب کی سلامتی ، دفاع اور استحکام کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور مملکت سعودی عرب کے خلاف چلائی جانے والی مہم اور بیان بازی کی مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے اعلان کیا کہ 19 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین (مملکت سعودی عرب) منایا جائے گا ۔

آئمہ ، خطباء ، علماء ، زاکرین ، واعظین اس موقع پر عالم اسلام کی وحدت اور اتحاد کے مرکز مملکت سعودی عرب کے خلاف ہونے والی سازشوں سے عوام الناس کو آگاہ کریں گے اور مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کی حمایت میں قرار دادیں منظور کی جائیں گی اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔