الیکشن کمیشن نے خواجہ سعد رفیق کیخلاف ایکشن لے لیا

ضمنی انتخابات میں توہین آمیز بیان کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سے تحریری جواب طلب کر لیا

muhammad ali محمد علی بدھ 17 اکتوبر 2018 18:47

الیکشن کمیشن نے خواجہ سعد رفیق کیخلاف ایکشن لے لیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 اکتوبر 2018ء) الیکشن کمیشن نے خواجہ سعد رفیق کیخلاف ایکشن لے لیا، ضمنی انتخابات میں توہین آمیز بیان کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سے تحریری جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے خواجہ سعد رفیق کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کے روز خواجہ سعد رفیق کی جانب سے لگائے الزامات پر ایکشن لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سے تحریری جواب طلب کیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی عملے نے تن دہی سے فرائض سر انجام دیے۔ کسی امید وار یا سیاسی جماعت کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ حتمی نتائج آنے سے قبل ہی نتائج میں رد وبدل کا الزام کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر خواجہ سعد رفیق این اے 131 کے ریٹرننگ افسر سے رزلٹ میں تاخیر کے معاملے پر الجھ پڑے تھے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایک بار ہاتھ ہوگیا اب بار بار ایسا نہیں ہوگا۔ سعد رفیق سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سے بھی الجھ پڑے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر ہونے پر الیکشن کمیشن کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔ اب الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر خواجہ سعد رفیق سے جوابدہی کا فیصلہ کیا ہے۔