بھارت نے یوٹیوب کی عارضی بندش کا الزام بھی پاکستان پر عائد کر دیا

پاکستان کے نیٹ ورک نے یوٹیوب کو ہیک کیا جس وجہ سے یوٹیوب کچھ دیر کے لیے معطل رہی۔ بھارتی میڈیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 اکتوبر 2018 17:32

بھارت نے یوٹیوب کی عارضی بندش کا الزام بھی پاکستان پر عائد کر دیا
لاہور( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اکتوبر 2018ء) گذشتہ روز ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن یوٹیوب کی سروس چند گھنٹے تک معطل رہی۔جس سے دنیا بھر کے صارفین کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم بھارت اس موقع پر بھی باز نہ آیا اور یوٹیوب بندش کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کو یو ٹیوب کو ایک طویل بندش کا سامنا کرنا پڑا اس سے قبل یوٹیوب اتنے زیادہ وقت کے لیے کبھی بند نہیں رہی۔

. دنیا کا سب سے بڑا ویڈیو شیئرنگ نیٹ ورک دنیا بھر میں 30 منٹ کے لئے معطل رہا۔جس سے YouTube کے دیگر پراڈکٹس جیسا کہ یوٹیوب ٹی وی اور یوٹیوب موسیقی بھی متاثر ہوئے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ 13 سالہ یوٹیوب کو بندش کو سامنا کرنا پڑا ہو۔اس سے قبل 2008ء میں پاکستانی حکومت کی جانب سے یوٹیوب کے کریکٹ ڈاؤن کے بعد د دنیا کا تقریبا دو تہائی حصہ یوٹیوب استعمال نہ کر سکا۔

(جاری ہے)

کیونکہ پاکستان نے فروری 2008ء میں "جارحانہ مواد" کی وجہ سے یوٹیوب پر پابندی عائد کر دی تھی۔اور پھر یہ سلسہ کئی ممالک تک پھیل گیا اور ترکی، تھائی لینڈ اور مشرق وسطی کے مختلف حصوں سمیت کئی مارکیٹوں میں بھی یوٹیوب بند ہو گئی۔تب یوٹیوب کے ترجمان نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں بہت سے صارفین کو ہماری سائٹ تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔اور ہمیں یہ معلوم ہوا ہے کہ ان ذرائع کا تعلق پاکستان کے ایک نیٹ ورک سے ہے۔

ہم انٹرنیٹ کمیونٹی کے ساتھ مل کر اس متعلق تحقیقات کر رہے ہیں تا کہ مستقبل میں ایسا نہ ہو سکے۔بتایا گیا کہ پاکستان ٹیلی کام (مقامی ٹیلی کام کمپنی) نے پلیٹ فارم میں آنے والی ٹریفک کو ریورس کرنے کیلئے یوٹیوب کو ہیک کیا تھا۔بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ بی بی سی کا بتانا ہے کہ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے ہانگ کانگ کی کمپنی کی مدد سے یوٹیوب کا آئی پی ہیک کیا اور ویب سائٹ پر آنے والی ٹریفک کو ایسے نیٹ ورک کی جانب موڑ دیا جو پہلے سے ہی بندش کا شکار ہے۔

بعد میں پاکستان نے یوٹیوب پر عائد پابندی ختم کر دی لیکن اس دوران بھی کئی صارفین پرائیویٹ سیکٹرز کے زریعے سے یوٹیوب استعمال کرتے تھے۔خیال رہے گذشتہ روز قبول ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن یوٹیوب کی سروس چند گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں بحال ہوگئی۔صارفین کو رات سے یوٹیوب استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا تھا اور یوٹیوب ایپ کھولنے پر500 internal server error کا پیغام موصول ہو رہا تھا۔

سروس کی معطلی پر متعدد صارفین نے ٹوئٹر پر اپنی شکایات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب صارفین نے مزاحیہ میمز بھی شیئر کیں اور ساتھ ہی کمپنی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔یوٹیوب نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یوٹیوب، یوٹیوب ٹی وی اور یوٹیوب میوزک سروس معطل ہونے کی شکایت سے آگاہ کرنے پر صارفین کا شکریہ ادا کیا۔یوٹیوب نے سروس معطلی سے صارفین کو ہونے والی دشواری پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔یوٹیوب کی سروس پاکستانسمیت دنیا بھر میں اب بحال ہوچکی ہے ۔