نیب لاہور نے ملزم احد چیمہ کے خلاف دوسرا کرپشن ریفرنس دائر کر دیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:55

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) قومی احتساب بیورو )نیب) لاہور کی جانب سے ملزم احد خان چیمہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے کیس میں تحقیقات کو مکمل کرتے ہوئے احتساب عدالت لاہور کے روبرو دوسرا کرپشن ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ دوران تحقیقات ملزم احد چیمہ کی جانب سے اپنے، اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد کے نام مبینہ طور پر اربوں روپے مالیت کی کثیر بے نامی جائیدادیں بنانے کے شواہد حاصل ہوئے تاہم ملزم کے نام موجود جائیدادوں میں متعدد پلاٹس، زرعی زمینیں، فلیٹ اور مکانات شامل ہیں جبکہ ملزم کے نام اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے ایونیو میں پلاٹ نمبر 701، بینک الفلاح امپلائز ہائوسنگ سوسائٹی میں 2پلاٹ، آئی بی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں 1پلاٹ، 123کنال 19مرلہ اور 188کنال 12مرلہ زرعی زمین بمقام گائوں بھیک، احمد یار ضلع حافظ آبادشامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم کی دیگر جائیدادوں میںویلیج کرباتھ، تحصیل کینٹ میں 3کنال زمین اپنے نام جبکہ 14کنال 7مرلہ زمین اپنے اور دیگر اہل خانہ کے نام ہونے کے ساتھ ساتھ اسی مقام پر مزید 3کنال اور 12مرلہ زمین پائی گئی تاہم ماڈل ٹائون میں 48کنال 10مرلہ زمین اپنے اور والدہ کے نام بھی پائی گئی۔علاوہ ازیں موضع ڈھوری لاہور میں اہلیہ کے نام 21کنال 4مرلہ زمین، موضع ٹیڈھا میں مجموعی طور پر 99کنال 17مرلہ زمین اپنے اور خاندان کے دیگر افراد کے نام شامل ہیں۔

ملزم احد چیمہ کے نام موجود دیگر اثاثہ جات میں ہل لیک ویواسلام آبادمیں 1فلیٹ ، سیکٹر آئی 15میںفلیٹ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہائوسنگ سوسائٹی میں 2فلیٹ، ایف آئی اے ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سکیم اسلام آباد میں2پلاٹ، پی ایچ اے فائونڈیشن میں پلاٹ، فیصل ٹائون اسلام آباد میںپلاٹ (10مرلہ)، فیصل ریذ یڈنشیاء اسلام آباد میں پلاٹ (5مرلہ) اپنے اور فیصل ریذ ڈینشیاء میں ہی بہن کے نام ایک اور پلاٹ (5مرلہ) کے علاوہ بہن کے نام پر ہی بیدیاں روڈپر 3کنال زمین ہونے کا انکشاف ہوا۔

ملزم احد چیمہ کے نام اور دیگر بے نامی جائیدادوں کی مالیت مبینہ طور پر اربوں روپے میں جا سکتی ہے ۔ نیب لاہور کیجانب سے ملزم کو 15فروری 2018کو آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تاہم دوران تحقیقات ملزم کے نام اربوں روپے مالیت کے اثاثہ جات ہونے کے انکشاف پر تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا۔ آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں ملزم احد خان چیمہ کیخلاف 660ملین کی مبینہ کرپشن کا پہلا ریفرنس 22 جون 2018کو احتساب عدالت میں دائر کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :