یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایبٹ آباد کی لائف لائن سوسائٹی کا ایس ایم ٹی تھیلی سیمیا سنٹر ہری پور کا دورہ

جمعہ 19 اکتوبر 2018 13:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایبٹ آباد کی لائف لائن سوسائٹی نے ایس ایم ٹی تھیلی سیمیا سنٹر ہری پور کا دورہ کیا اور جنگجوئوں کے ساتھ ایک دن کے نام سے تھیلی سیمیا متاثرہ بچوں کی تفریح کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر طلباء نے خون کے عطیات بھی دیئے۔ سیفیہ محمدیہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر قاضی محمد رضا، سابق ایم ایس ڈاکٹر زکیم خان وزیر، سنٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد آفریدی، ایڈمن آفیسر اویس شاہ، مارکیٹنگ آفیسر شیخ توحید احمد سمیت دیگر بھی موجو د تھے۔

سوسائٹی کے طلبہ و طالبات نے دیگر ایونٹس کے ساتھ ساتھ بچوں میں کھیلوں کے چھوٹے مقابلے کروانے کے بعد ان میں گفٹ بھی تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

تقریب کا مقصد تھیلی سیمیا سے متاثرہ بچوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں بلڈ ڈونیشن کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تھیلی سیمیا سے متاثرہ بچے معاشرہ کی خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں، باقی علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ تھیلی سیمیا کے ہر بچہ کو مہینے میں دو سے تین بار تازہ خون کی ضرورت ہوتی ہے اور خون ایسی چیز ہے جو بوقت ضرورت پیسوں سے بھی نہیں مل سکتا اس لئے یہ بچے ہماری امداد کے منتظر ہوتے ہیں۔

اس وقت ایس ایم ٹی تھیلی سیمیا سنٹر کے پاس 200 سے زائد تھیلی سیمیا سے متاثرہ بچے رجسٹرڈ ہیں جن کیلئے تازہ خون کی فراہمی ایک بہت بڑا ٹاسک ہے، لائف لائن سوسائٹی سمیت دیگر خراج تحسین کے مستحق ہیں جو بچوں کی زندگیاں بچانے کی جنگ میں سنٹر کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ دیگر اداروں اور شخصیات کو بھی اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :