خاشقجی کیس کی تحقیقات کی تفصیل منگل کو جاری کی جائے گی‘ ترک صدر

جمال خاشقجی کے قتل کیس کے ذمے داروں کا احتساب کیا جائے گا‘سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر

پیر 22 اکتوبر 2018 12:18

خاشقجی کیس کی تحقیقات کی تفصیل منگل کو جاری کی جائے گی‘ ترک صدر
انقرہ/ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ وہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت کے واقعے کی تحقیقات کی تفصیل کا منگل کے روز اعلان کریں گے۔ترک صدر نے اتوار کو ایک تقریر میں کہا ہے کہ وہ حکمراں جماعت آق کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خاشقجی کیس سے متعلق بیان جاری کریں گے۔سعودی عرب نے گذشتہ جمعہ کو ابتدائی تحقیقات کے بعد جمال خاشقجی کی موت کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں دو ہفتے قبل جھگڑے کے دوران میں ان کی موت ہوگئی تھی۔

اس واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں اٹھارہ سعودی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ان پر جمال خاشقجی کی موت اور اس کو چھپانے کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے ایک سرکاری ذریعے کا کہنا ہے کہ خاشقجی قتل کیس کے سلسلے میں سچائی کو منظرعام پر لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔دریں اثناء سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کیس کے ذمے داروں کا احتساب کیا جائے گا۔انھوں نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کے سعودی قونصل خانے سے باہر آنے سے متعلق متضاد رپورٹس منظرعام پرآنے کے بعد ہی تحقیقات شروع کردی گئی تھی ۔ سعودی عرب ان کی موت سے متعلق دستیاب ہونے والی تمام معلومات کو منظرعام پر لائے گا۔

متعلقہ عنوان :