دُبئی:بِپھرے پاکستانی ڈرائیور نے 13 گاڑیوں کو آگ لگا کر راکھ بنا دِیا

ملزم کو ایئرپورٹ سے وطن فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اکتوبر 2018 12:39

دُبئی:بِپھرے پاکستانی ڈرائیور نے 13 گاڑیوں کو آگ لگا کر راکھ بنا دِیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر2018ء) پولیس نے دُبئی آؤٹ لیٹ مال کے پارکنگ ایریا میں 13 گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے پر ایک پاکستانی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران پتا چلا کہ 42 سالہ ملزم نے یہ حرکت کمپنی کی جانب سے دُوسرا ڈرائیور بھرتی کرنے کے باعث کی۔ جس کی وجہ سے اُس کی آمدنی گھٹ گئی تھی۔ ملزم اپنی منی بس میں شاپنگ مالز کے ملازمین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرتا تھا۔

آمدنی میں کمی کے باعث وہ ذہنی تناؤ کا شکار تھا۔ اسی شدید غصّے کی حالت میں وہ پارکنگ ایریا میں گیا اور وہاں اپنی جگہ بھرتی کیے جانے والے ڈرائیور کے زیر استعمال مِنی بس پر پٹرول چھڑک کر سگریٹ کی مدد سے اُسے آگ لگا دی۔ اس آگ نے وہاں موجود دیگر 12 گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ ملزم کے کپڑوں کو بھی آگ لگ گئی۔

(جاری ہے)

پارکنگ ایریا میں موجود کلوز سرکٹ کیمروں کی ویڈیوز سے پتا چلا کہ اپنے کپڑوں کو آگ لگنے کے بعد ملزم اُنہیں گھبراہٹ میں اُتار کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

ملزم جس گاڑی میں سوار ہو کر آیا تھا، پولیس نے اُس کی نمبر پلیٹ کی شناخت کر لی اور ملزم کو اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ایئرپورٹ پہنچ کر وہاں سے واپس پاکستان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ عدالت میں ملزم نے انکشاف کیا کہ نئے ڈرائیور نے شاپنگ مال کے ملازمین کو کم پیسوں کے بدلے ٹرانسپورٹیشن کی سہولت مہیا کی تھی، جس کے باعث اُس کے کئی پُرانے گاہک ہاتھ سے نکل گئے۔

جس پر اُس نے فیصلہ کیا کہ وہ نئے ڈرائیور کی مِنی بس کو آگ لگا کر اپنی آمدنی میں کمی کا بدلہ لے گا۔ واقعے کے بعد ملزم اپنی گاڑی میں سوار ہو کر الجفیلیہ گیا، وہاں گاڑی پارک کرنے کے بعد اُس نے ایئر پورٹ کا رُخ کیا۔ مگر پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث وطن واپسی کے منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 29 اکتوبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔