حافظ آباد ، ابتک 88کروڑ 20لاکھ سے زائد مالیت کی 3439کنال سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرائی جا چکی ہے، چودھری شوکت علی بھٹی

پختہ تجاوزات اور کمرشل اراضی پر ناجائز قابضین کو دی جانے والی مہلت ختم ہو رہی ہے،آپریشن کے دوران کسی سے کوئی زیادتی یا سیاسی انتقام نہیں لیا جا رہا ہے ،رکن قومی اسمبلی کا اجلاس سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 22:30

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) رُکن قومی اسمبلی حافظ آباد چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں ابتک 88کروڑ 20لاکھ سے زائد مالیت کی 3439کنال 6مرلہ سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرائی جا چکی ہے اور باقی ماندہ زیر قبضہ 3000کنال اراضی سے قبضہ ختم کرانے تک آپریشن جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ اس کا تمام تر کریڈیٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے جس کے ویژن کے تحت ملک بھر سے سرکاری زمینوں پر قابضین کے خلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور انتہائی کم عرصہ میں حافظ آباد جیسے چھوٹے ضلع میں کم و بیش 88کروڑ 20لاکھ کی زمینیں واگزار کرانا قابل ستائش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عدنان ارشد اولکھ ،ڈی پی او سیف اللہ خان اور ضلعی فوکل پرسن برائے انسداد تجاوزات /قبضہ محترمہ آمنہ رفیق سمیت تمام متعلقہ افسران کو مکمل حکومتی سپورٹ حاصل ہے اور آپریشن کے حوالہ سے اُنہیں فری ہینڈ دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پختہ تجاوزات اور کمرشل اراضی پر ناجائز قابضین کو دی جانے والی مہلت ختم ہو رہی ہے اور اگلے چند دنوں میں اپنا حق ملکیت ضلعی انسداد تجاوزات کمیٹی کے سامنے ثابت نہ کرنے والے با اثر افراد کے خلاف ٹھوس کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ رضا کارانہ طور پر پختہ تجاوزات ،دوکانوں کے تھڑے اور شیڈز ہٹانے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اس سلسلہ میںدونوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفسران نو ٹس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پھر یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ اس آپریشن کے دوران کسی سے کوئی زیادتی یا سیاسی انتقام نہیں لیا جا رہا ہے اور صرف میرٹ پر ریونیو ریکارڈ کے مطابق انتہائی احتیاط اور ذمہ داری سے تجاوزات کا خاتمہ عمل میں لایا جا رہا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عدنان ارشد اولکھ ،ڈی پی او سیف اللہ خان ،اے ڈی سی ریونیو آمنہ رفیق ،اے ڈی سی جنرل نعیم اللہ بھٹی،اے ڈی سی فنانس افضال قمر وڑائچ ،اسسٹنٹ کمشنرز حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں سمیت متعلقہ محکموں کے افسران ،انجمن تاجران کے نمائیندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا کہ ہم حافظ آباد کے عوام کی خدمت اور اُنہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے 24گھنٹے حاضر ہیں اور ان کے سمیت تمام افسران کے دروازے ہر وقت عام آدمی کے لیے کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اُنہیں تمام بنیادی اور دیرینہ عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے تاہم صرف عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اور اس احساس کے ساتھ کسی کے ساتھ غیر دانستہ طور پر بھی کوئی نا انصافی نہ ہو جائے ۔تمام اقدامات خوب سوچ سمجھ کر اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بات بالکل واضح اور طے ہے کہ تمام غیر قانونی پختہ تجاوزات کو ضرور ختم کیا جائیگا ۔

انہوں نے اجلاس میں موجود محکمہ انہار ،متروکہ وقف املا ک اور مسلم اوقاف سمیت دیگر محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی زمینوں اور املاک پر قابض افراد کی فہرستیں فوکل پرسن آمنہ رفیق کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ مربوط حکمت عملی اور اتفاق کے ساتھ ان با اثر افراد سے قبضہ واگزار کرایا جائے۔ڈپٹی کمشنر عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ ضلع میں بورڈ آف ریونیو کی ملکیت سرکاری اراضی کو تیزی سے واگزار کرایا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر دونوں تحصیلوں میں کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

انہوں نے 88کروڑ سے زائد کی اراضی پر 20,20سال سے قابض افراد کے خلاف کاروائی کرنے پر آمنہ رفیق ،اے سی فیصل عباس مانگٹ ،اے سی تنویر یٰسین اور پولیس سمیت دیگر اداروں کی بھی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پختہ تجاوزات کو ہتانے کا عمل شروع کر دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پنڈی بھٹیاں کے مین نالہ کو کئی سالوں کے بعد قابضین سے واگزار کرانے کے بعد اس کو کھولا اور صاف کیا جا رہا ہے جس کے بعد زرعی کالونی پنڈی بھٹیاں کے نالے کو بھی واگزار کرایا جائیگا اور توقع ہے کہ ان دونوں نالوں کی صفائی کے بعد سیوریج اور ڈرینج کے مسئلہ بڑی حد تک ہمیشہ کے لیے حل ہو جائیگا۔

اجلاس میں سابق ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی نے بتایا کہ انہوں نے رضا کارانہ طور پر تجاوزات قرار دی جانے والی دوکانیں گرادی ہیں جبکہ اپنے ڈیرہ کو بھی نئی جگہ پر شفٹ کر دیں گے۔ایم این اے شوکت علی بھٹی اور ڈی سی عدنان ارشد اولکھ نے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اس اقدام پر سابق ایم این اے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ بازاروں اور کاروباری مراکز میں تاجر بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی تجاوزات خود ہی ختم کر دیں گے تاکہ ہیوی مسشنری اور بلڈوزر کے استعمال کی نوبت ہی نہ آئے ۔

انہوں نے کہا کہ دوکانوں سے شیڈ اور تھڑے ختم کرنے اور رضا کارانہ تعاون پر وہ انجمن تاجران کے بھی مشکور ہیںاور انکی پالیسی ہے کہ تمام معاملات مکمل اٖہام و تفہیم اور خوش اسلوبی سے حل کر سکے جائیں۔اجلاس میں ڈی پی او سیف اللہ خان نے پولیس کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے سلسلہ میں پولیس بھر پور سپورٹ اور تعاون کے مطابق تمام اقدامات کو یقینی بنائے گی ۔