دُبئی: سپائیڈر مین متحدہ عرب امارات پہنچ گیا

بسوں اور ٹیکسیوں کی چھتیں کُودتے پھُلانگتے شخص کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 اکتوبر 2018 10:54

دُبئی: سپائیڈر مین متحدہ عرب امارات پہنچ گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر2018ء) ایک ایسے شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو دُبئی کی سڑکوں پر دوڑنے والی ٹیکسیوں اور بسوں پر کُودتا پھلانگتا پھر رہا ہے تاکہ وہ دفتر وقت پر پہنچ سکے۔ جسمانی کرتب کا مظاہرہ کرنے والے اس شخص کے سٹنٹ کا آغاز دماق پراپرٹیز (سابقہ دُبئی میرینا) میٹرو سٹیشن کی بس سے ہوتا ہے جہاں سے وہ غُبیبہ سٹیشن تک جاتا ہے اور پھر وہ ٹیکسیوں اور بسوں پر اُچھل کُود شروع کر دیتا ہے۔

ذرا تصور کریں بسوں پر چھلانگ مارنا آپ کو مشکل میں ڈال سکتا ہے۔ مگر یہ شخص اپنا اسٹنٹ آسانی سے انجام دے رہا ہے۔ دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے فٹنس چیلنج کے دُوسرے ایڈیشن کے موقع کی مناسبت سے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ہوئی ہے جس میں ایک شخص کو پارکر سٹنٹس کرتے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ شخص دفتر جانے کے لیے اپنی گاڑی کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کا انتخاب کرتا ہے، مگر اُن کے اندر سوار ہو کر نہیں، بلکہ اُن کی چھتوں پر خطرناک انداز سے اُچھل کُود کر کے۔ سب سے پہلے وہ دُبئی میٹرو کے برقی زینے پر بغیر کسی مدد کے چھلانگ مار کر چڑھ جاتا ہے۔ پھر اُس کے بعد وہ بسوں، ٹیکسیوں حتیٰ کہ Nol کی ٹکٹس مشین پر بھی اُچھل کُود کرتا دکھائی دیتا ہے۔

اور پھر مختلف کرتب دکھاتا آخر تیس منٹ کے مخصوص وقت میں دفتر پہنچ جاتا ہے۔ یہ ویڈیو دراصل دُبئی کے ولی عہد شیخ حمدان کی جانب سے شروع کیے گئے دُبئی فٹنس چیلنج کو مقبولِ عام بنانے کے لیے کی بنائی گئی ہے۔ جس کا آغاز گزشتہ سال کیا گیا تھا جس میں تقریباً سات لاکھ چھیاسی ہزار افراد نے حصّہ لیا۔ اسی ہفتے کے دوران اس فٹنس چیلنج کا دُوسرا مقابلہ 26 اکتوبر سے شروع ہونے جا رہا ہے جو 24 نومبر تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ پارکر سٹنٹس سے مراد فوجیوں کی خاص ٹریننگ ہے جس میں وہ مخصوص وقت کے اندر مختلف نوعیت کی انتہائی مشکل رکاوٹیں عبور کرتے ہیں۔ پارکر سٹنٹس کے دوران کسی آلے یا اوزار کی مدد نہیں لی جا سکتی، سارا کا سارا مدار انسانی جسم کی صلاحیت اور پھُرتی پر ہوتا ہے۔ پارکر سٹنٹس میں رننگ، سوِنگنگ، والٹنگ، جمپنگ، رولنگ اور کرالنگ کے مراحل شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :