نیچرل سائنسز پرلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر

جمعہ 26 اکتوبر 2018 21:32

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2018ء) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں نیچرل سائنس میں جدید رجحانات کے موضوع پر تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں سرفراز مہمان خصوصی تھے، انہوں نے ملکی اور غیر ملکی مندوبین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظوراور کانفرنس انتطامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی تعلیم نسواں میں نمایاں کردار کی حامل ہے، حکومت اس کی رینکنگ بہتر کرنے اور اسے بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی، انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظورکے کالا شاہ کاکو کیمپس کو ڈویلپ کرنے اور وہاں ویمن میڈیکل کالج کرنے کے منصوبے کی تعریف کی اور اس کی مکمل سرپرستی اورپی سی ون کی حمایت کا یقین دلایا، صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز دسمبر تک تعینات کر دینگے جس کیلئے میرا محکمہ دن رات کام کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہیں، ایسا نظام وضع کررہے ہیں کہ وائس چانسلر کی مدت ملازمت ختم ہونے سے قبل ہی متعلقہ یونیورسٹی کا نیا سربراہ منتخب کرلیا جائے، انہوں نے جامعات میں ڈینز کی تعیناتیاں بھی جلد کرنے کا عندیہ دیدیا، انہوں نے کانفرنس کے معیار کی تعریف کی اور کہا کہ اس کانفرنس میں پیش کردہ ریسرچ پیپرز اور سفارشات پر حکومت عملدرآمد کرائیگی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظورنے بتایا کہ کانفرنس میں پاکستان سمیت آٹھ ممالک سے مندوبین شریک ہوئے، یہ اپنی نوعیت کی دوسری سالانہ کانفرنس ہے جس میں امریکہ، کنیڈا، امارات، ایران، برطانیہ اور ترکی سے سکالرز نے فوڈ ٹیکنالوجی، پبلک ہیلتھ اور نیچرل سائنس پر اپنی تحقیق پیش کی، انہوں نے بتایا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میںماحولیات پر بہت کام ہو رہا ہے، فشریز کی جدید لیب ایچ ای سی کے فنڈ سے قائم کردی جو ملک میں اپنی نوعیت کی نادر تجربہ گاہ ہے،کانفرنس کی شریک منتظم ہیڈ آف بائیوٹیک ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شگفتہ ناز نے کہا کہ فوڈسیفٹی، نیوٹریشن اورپبلک ہیلتھ پرریسرچ وقت کا تقاضا ہے اور کانفرنس میں ان موضوعات کو اجاگر کرنے کیلئے سٹالز بھی لگائے گئے۔