دبئی میں 3 لاکھ درہم کے ہیرے چوری کرنے والا جوڑا بھارت سے گرفتار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 5 نومبر 2018 12:05

دبئی میں 3 لاکھ درہم  کے ہیرے چوری کرنے والا جوڑا بھارت سے گرفتار
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 نومبر 2018ء) : دبئی میں 3 لاکھ درہم کے ہیرے چوری کرنے والے ایشیائی جوڑے کو بھارت سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک جوڑے نے دبئی کی ایک دکان سے 3 لاکھ درہم مالیت کے ہیرے چوری کیے جس کے بعد دبئی سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، لیکن چوری کے 20 گھنٹے بعد ہی انہیں بھارتی ائیر پورٹ پر دھر لیا گیا۔ ایشیائی جوڑا 3.27 قیراط کے ہیرے اسمگل کرنے میں کامیاب ہو گئے، چوری کرنے والے جوڑے میں شامل خاتون نے تمام ہیرے نگل لیے۔

ملزمان ممبئی سے ہانگ کانگ روانہ ہونے کی تیاری کر رہے تھےلیکن انٹرپول اور بھارتی پولیس کی مدد سے انہیں گرفتار کر کے دوبارہ متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا۔ پولیس نے دکان میں لگے سرویلنس کیمرے کی فوٹیج جاری کی، جس میں دیکھا گیا کہ ملزمان دیراز گولڈ سوق کی دکان میں داخل ہوئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا کہ چوری میں ملوث شخص دکان کے عملے کو مختلف اقسام کے پتھروں کا پوچھ کر ان کی توجہ ہٹانے لگا، پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں خاتون کو دکان کے داخلہ راستے کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد انہوں نے شیشے کا دروازہ کھولا اور سفید رنگ کے ہیرے چُرا لیے۔

ویڈیو میں خاتون کو ہیرے اپنی جیکٹ میں چھُپاتے اور پھر دکان سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس نے جوڑے کی ایک اور ویڈیو بھی جاری کی جس میں چوروں کو دبئی مال کے باتھ روم کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔جس کے بعد وہ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ گئے اور بھارت روانہ ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دکان کے مالک کو چوری کے تین گھنٹے بعد نقصان کا علم ہوا۔

جس پر اس نے فوری طور پر سرویلنس کیمرے کی فوٹیج دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی،کرمنل انوسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل عادل الجوکر نے کہا کہ چوری کی خبر ہونے اور پولیس کو تاخیر سے اطلاع ملنے نے لزمان کو فرار ہونے میں مدد کی۔ جس کے بعد پولیس نے انٹرپول کے ذریعے بھارتی حکام سے رابطہ کیا اور ملزمان کی کی پرواز کی تفصیلات فراہم کیں۔

کرنل الجوکر نے کہا کہ ملزمان نے ہیرے چوری کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ایکسرے رپورٹ میں خاتون کے پیٹ میں ہیروں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی،جس کے بعد ایک اسپیشلسٹ ڈاکٹر کو خاتون کے پیٹ سے ہیرے نکالنے کے لیے طلب کیا گیا۔دبئی پولیس کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل عبد اللہ خلیفہ المری نے ملزمان کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے فورسز کے آپسی رابطے کی خوب تعریف کی۔